ایگزیوس کا ایران کیخلاف فوجی آپریشن پر ٹرمپ اور نیتن یاہو میں بات چیت کا دعویٰ
واشنگٹن: (دنیا نیوز)امریکی نیوز ویب سائٹ ایگزیوس نے ایران کے خلاف فوجی آپریشن پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو میں بات چیت کا دعویٰ کیا ہے۔
امریکی نیوز ویب سائٹ ایگزیوس کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نیتن یاہو اور ٹرمپ نے گزشتہ ہفتے ایران کے خلاف بڑے فوجی آپریشن کے امکان پر تبادلہ خیال کیا، مجوزہ کارروائی میں ایران کے فوجی اور جوہری اہداف کو نشانہ بنانے پر بات ہوئی۔
رپورٹ کے مطابق نیتن یاہو نے ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق اسرائیلی انٹیلی جنس کی اطلاعات پر تشویش ظاہر کی، اسرائیل کو ایران کی ممکنہ یورینیم افزودگی کی تنصیب پک ایکس ماؤنٹین کے بارے میں بھی خدشات ہیں۔
ایگزیوس کے مطابق امریکی صدر نے ایران پر دوبارہ حملوں کے معاملے پر تاحال کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا، امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ اور سینٹرل کمانڈ کے بعض عہدیدار ایران پر دوبارہ حملوں کے حامی ہیں، صدر ٹرمپ کے کئی مشیر فی الحال معاشی پابندیاں جاری رکھنے کے حق میں ہیں۔
امریکی نیوز ویب سائٹ کی رپورٹ میں کہا گیا کہ اسرائیلی فوج کے سربراہ ایال زمیر اور امریکی جوائنٹ چیفس چیئرمین ڈین کین کے درمیان بھی ایران پر حملوں سے متعلق بات چیت ہوئی۔
وائٹ ہاؤس نے ایگزیوس کی رپورٹ کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ صدر ٹرمپ وسط مدتی انتخابات سے پہلے ایران پر حملہ نہ کرنے کا مؤقف دے چکے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments