دبئی فیوچر ویک جدید منصوبہ بندی کا اہم مرحلہ مکمل، شہریوں کا معیار زندگی بہتر بنانے پر زور
دبئی: (سید مدثر خوشنود) دبئی فیوچر فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام دبئی فیوچر ویک 2026ء کے دوران منعقد ہونے والے اہم پروگرام ’’500 فیوچر مائنڈز‘‘ کا اختتام ہوگیا، پروگرام میں 500 رہنماؤں اور مختلف شعبوں کے ماہرین نے دبئی کے مستقبل کی منصوبہ بندی کیلئے اپنی تجاویز اور سفارشات پیش کیں۔
اس اقدام کا مقصد عالمی تبدیلیوں کے تناظر میں دبئی کی مستقبل کی ضروریات اور چیلنجز سے نمٹنے کی تیاری بہتر بنانا اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے شہریوں کی زندگی میں مثبت تبدیلیاں لانا ہے۔
پروگرام میں پانچ اہم شعبوں کو مرکزی حیثیت دی گئی، جن میں تعلیم، ہنگامی طبی خدمات، کاروباری سرگرمیاں، معیشت و مالیات اور شہری منصوبہ بندی و تعمیرات شامل ہیں، مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے ماہرین نے خصوصی ورکنگ سیشنز میں شرکت کی اور مستقبل کے چیلنجز، نئی ٹیکنالوجیز اور انتظامی نظام میں بہتری سے متعلق تجاویز تیار کیں۔ ان سیشنز کے اہم نتائج دبئی فیوچر ویک کے آخری روز پیش کیے گئے۔
پروگرام میں مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجیز کو عملی شعبوں میں استعمال کرنے، سرکاری اور نجی خدمات کی کارکردگی بہتر بنانے اور شہریوں کے معیار زندگی میں اضافے پر خصوصی توجہ دی گئی۔
ماہرین نے مستقبل کی معاشی تبدیلیوں، جدید تعلیمی نظام، طبی امداد اور شہری ترقی کے حوالے سے مختلف تصورات پیش کیے، جن کا مقصد دبئی کو عالمی سطح پر مزید مسابقتی بنانے میں معاونت فراہم کرنا ہے۔
دبئی فیوچر فاؤنڈیشن کے مطابق 500 فیوچر مائنڈز پروگرام کا بنیادی مقصد مستقبل کی منصوبہ بندی میں مختلف شعبوں کی مہارت اور تجربات کو یکجا کرنا ہے تاکہ آنے والے وقت کی ترجیحات اور ممکنہ چیلنجز کی بہتر نشاندہی کی جاسکے۔
پروگرام کے نتائج سے مستقبل کی حکمت عملی مرتب کرنے میں مدد ملنے کی توقع ہے، تاہم پیش کردہ تجاویز کو فوری طور پر منظور شدہ حکومتی منصوبوں کا درجہ نہیں دیا گیا، یہ اقدام دبئی میں جدت، پائیدار ترقی اور مستقبل کیلئے ادارہ جاتی تیاری کو مضبوط بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments