پوتن کا افریقی ممالک میں شعبہ صحت کی خودمختاری کیلئے تعاون جاری رکھنے کا اعلان
ماسکو: (شاہد گھمن) روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے افریقی ممالک میں صحت عامہ کے نظام کو مضبوط بنانے اور طبی شعبے میں خودمختاری کے حصول کے لیے روس کے تعاون کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
اپنے بیان صدر یوتن نے کہا کہ روس افریقی ممالک کو وبائی امراض سے نمٹنے، جدید طبی سہولتوں کی فراہمی، ماہرین کی تربیت اور سائنسی تحقیق کے شعبوں میں مسلسل مدد فراہم کر رہا ہے۔
انہوں نے 21 نومبر کو ایتھوپیا کے دارالحکومت ادیس ابابا میں منعقد ہونے والی بین الاقوامی کانفرنس برائے صحت عامہ افریقہ کے شرکا، منتظمین اور مہمانوں کے نام اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ افریقی ممالک کے لیے صحت عامہ کے شعبے میں حقیقی خودمختاری حاصل کرنا انتہائی اہم ہے۔
روسی صدر کے مطابق اس مقصد کے حصول کے لیے طبی خدمات اور صحت و صفائی کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی، تربیت یافتہ طبی عملے کی تیاری اور جدید ٹیکنالوجی کا استعمال بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔
صدر پوتن نے کہا کہ روسی فیڈریشن روایتی طور پر افریقی شراکت داروں کو عوامی صحت کے تحفظ کے شعبے میں فعال تعاون فراہم کرتی رہی ہے، حال ہی میں منعقد ہونے والی تیسری روس افریقہ سربراہی کانفرنس کے نتائج نے اس تعاون کو مزید وسعت دینے کے نئے مواقع پیدا کیے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ روس اور افریقی ممالک کے درمیان وبائی امراض کے خلاف جنگ میں خصوصی طور پر قریبی تعاون قائم ہے، اس مقصد کے لیے جاری جامع تعاون پروگرام کی مدت 2029 تک بڑھا دی گئی ہے۔
صدر پوتن کے مطابق روس اور افریقی ممالک باقاعدگی سے مشترکہ سائنسی تحقیقی سرگرمیاں اور عملی تربیتی مشقیں بھی منعقد کرتے ہیں تاکہ خطرناک متعدی بیماریوں کی روک تھام اور ان سے نمٹنے کی صلاحیت کو بہتر بنایا جاسکے۔
روسی صدر نے بتایا کہ افریقہ میں خطرناک وبائی امراض کے پھیلاؤ سے نمٹنے کے لیے روسی طبی ماہرین کی خصوصی ٹیمیں بھیجی جاتی ہیں، جبکہ موبائل لیبارٹریاں، بڑی مقدار میں ادویات اور بیماریوں کی تشخیص اور روک تھام کے لیے ضروری طبی سامان بھی فراہم کیا جاتا ہے۔
انہوں نے افریقی ممالک کے لیے روس کی تعلیمی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت روس کی مختلف جامعات میں تقریباً 10 ہزار افریقی طلبہ طبی شعبوں میں تعلیم حاصل کررہے ہیں، یہ طلبہ افریقہ کے تقریباً تمام ممالک سے تعلق رکھتے ہیں۔
صدر پوتن کے مطابق ان میں سے بہت سے طلبہ روس کے معروف طبی مراکز اور ہسپتالوں میں عملی تربیت حاصل کرتے ہیں اور انہیں باقاعدگی سے سائنسی تحقیقی سرگرمیوں میں بھی شامل کیا جاتا ہے۔
روسی صدر نے امید ظاہر کی کہ کانفرنس میں شریک مختلف ممالک کے سرکاری اداروں، بین الاقوامی تنظیموں، طبی ماہرین، سائنس دانوں اور دیگر ماہرین کے درمیان تفصیلی تبادلہ خیال ہوگا اور وہ اپنے تجربات کی روشنی میں افریقی عوام کی صحت کے تحفظ کے لیے تعاون کی نئی صورتیں اور شعبے متعین کریں گے۔
صدر پوتن نے کانفرنس کے شرکا کے لیے کامیابی اور نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments