پروٹوٹائپس فار ہیومینٹی ایوارڈز، 5 بہترین اختراعی منصوبوں کو اعزازات سے نواز دیا گیا
دبئی: (سید مدثر خوشنود) دبئی کلچر اینڈ آرٹس اتھارٹی کی چیئرپرسن شیخہ لطیفہ بنت محمد بن راشد آل مکتوم نے دبئی فیوچر سلوشنز، پروٹوٹائپس فار ہیومینٹی ایوارڈز 2026ء کے 5 بہترین اختراعی منصوبوں کو اعزازات سے نواز دیا۔
ایوارڈز کی تقریب دبئی فیوچر ویک کے آخری روز منعقد ہوئی، جس میں دنیا بھر سے تعلق رکھنے والے نوجوان محققین، یونیورسٹی طلبہ اور اختراعی ماہرین کے ایسے منصوبوں کو سراہا گیا جو عالمی سطح پر سماجی اور ماحولیاتی مسائل کے عملی حل پیش کرتے ہیں۔
اس سال مقابلے میں 120 ممالک کی ایک ہزار سے زائد یونیورسٹیوں سے تعلق رکھنے والے طلبہ، حالیہ گریجویٹس اور اساتذہ نے ہزاروں منصوبے جمع کروائے، ان میں سے 100 بہترین منصوبوں کو حتمی فہرست میں شامل کیا گیا، جن کی نمائش 18 سے 21 نومبر تک دبئی کے ایمریٹس ٹاورز میں جاری رہی، حتمی فہرست میں 75 سے زائد یونیورسٹیوں کے منصوبے شامل تھے، جن میں سے پانچ فاتح ٹیموں کا انتخاب کیا گیا۔
المدثر نیوز ایجنسی کے مطابق شیخہ لطیفہ بنت محمد اور ماہرین پر مشتمل جیوری نے مختلف منصوبوں کا جائزہ لینے کے بعد پانچ بہترین ٹیموں کو منتخب کیا، ایوارڈز کا مقصد نوجوان محققین کی حوصلہ افزائی کرنا اور ایسے اختراعی تصورات کو عالمی سطح پر متعارف کرانا ہے جنہیں مستقبل میں عملی مصنوعات یا سماجی اور ماحولیاتی مسائل کے حل میں تبدیل کیا جاسکے۔
دبئی فیوچر ویک کے دوران منعقد ہونے والی یہ نمائش تحقیق، تعلیم اور اختراع کے شعبوں میں عالمی تعاون کا اہم پلیٹ فارم بنی۔
منتظمین کے مطابق اس نوعیت کے مقابلے نوجوان محققین کو اپنے منصوبے ماہرین اور ممکنہ شراکت داروں کے سامنے پیش کرنے کے مواقع فراہم کرتے ہیں، جس سے سائنسی تحقیق اور عملی ٹیکنالوجی کے درمیان رابطہ مضبوط بنانے میں مدد ملتی ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments