ابوظہبی میں 55ویں قومی دن کی تقریبات، تین روزہ ہوامیر فریجنا فیسٹیول کا انعقاد
ابوظہبی: (سید مدثر خوشنود) متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی کے معروف ایمریٹس پیلس مینڈارن اورینٹل میں ملک کے 55ویں قومی دن کی تقریبات کے سلسلے میں تین روزہ ہوامیر فریجنا فیسٹیول کے دوسرے ایڈیشن کا انعقاد کیا گیا ہے۔
13 سے 15 نومبر 2026ء تک جاری رہنے والے اس فیسٹیول کا مقصد بچوں اور نوجوانوں کی تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا، انہیں کاروباری سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا اور خاندانوں کو تفریحی و ثقافتی سرگرمیوں کیلئے مشترکہ پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔
فیسٹیول کا اہتمام المنصوری گروپ برائے نمائش و کانفرنسز کے تعاون سے کیا گیا ہے، جبکہ منیٰ المنصوری اس تقریب کی نمایاں منتظم شخصیات میں شامل ہیں۔ فیسٹیول میں بچوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے، نوجوانوں میں کاروباری سوچ پیدا کرنے اور نئی نسل کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع فراہم کرنے پر خصوصی توجہ دی گئی ہے، اس تقریب کو متحدہ عرب امارات کے قومی دن کی خوشیوں سے بھی منسلک کیا گیا ہے۔
فیسٹیول میں معروف اماراتی فنکاروں اور میڈیا شخصیات کی شرکت بھی متوقع ہے، جن میں عبداللہ بالخير، زینب العسکری، اریام، رویدہ المحروقی اور کلاڈیا الشمالی شامل ہیں، اس کے علاوہ فنکار اور میڈیا شخصیت فارس سالم کو بھی خصوصی طور پر مدعو کیا گیا ہے۔
منتظمین کے مطابق ایسی تقریبات بچوں اور نوجوانوں میں خوداعتمادی، تخلیقی سوچ اور کاروباری صلاحیتوں کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
ہوامیر فریجنا فیسٹیول میں بچوں اور خاندانوں کیلئے مختلف تفریحی سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا ہے، جبکہ نوجوان نسل کو کاروباری دنیا سے روشناس کرانے اور مقامی صلاحیتوں کی حوصلہ افزائی بھی اس تقریب کے اہم مقاصد میں شامل ہے۔
تین روزہ فیسٹیول 15 نومبر تک جاری رہے گا، جس میں اماراتی ثقافت، قومی یکجہتی اور نئی نسل کی ترقی کے پیغام کو اجاگر کیا جا رہا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments