روس رواں سال جوہری ہتھیاروں سے لیس سیٹلائٹ زمین کے مدار میں بھیج سکتا ہے: جرمن
برلن: (دنیا نیوز) جرمن خفیہ ایجنسی ’بی این ڈی‘ اور اس کے مغربی شراکت داروں نے خبردار کیا ہے کہ روس رواں سال کے اختتام سے قبل جوہری ہتھیاروں سے لیس سیٹلائٹ زمین کے مدار میں بھیج سکتا ہے۔
جرمن میڈیا کے مطابق سپوتنک ایس نامی یہ سیٹلائٹ تیار ہے اور اسے ماسکو کے نواحی علاقے میں محفوظ رکھا گیا ہے، نشریاتی اداروں نے سکیورٹی ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا ہے کہ مغربی انٹیلی جنس ایجنسیوں نے رواں ماہ اس پیشرفت سے متعلق معلومات کا تبادلہ کیا ہے۔
مبینہ طور پر نومبر کے اوائل میں شیئر کیے گئے تجزیوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس سیٹلائٹ کو 60 دنوں کے اندر خلا میں روانہ کیا جاسکتا ہے، جرمنی کی مسلح افواج نے حالیہ ہفتوں میں حکام کو بریفنگ دے دی ہے۔
جرمن فوجی افسران دسمبر میں اس لانچنگ کو ممکن قرار دے رہے ہیں اور مدار میں پہنچنے کے کچھ ہی دیر بعد یہ سیٹلائٹ فعال ہو جائے گا۔
زمین کے نچلے مدار میں ہونے والا کوئی بھی جوہری دھماکا چند ہی مہینوں میں وہاں موجود تمام سیٹلائٹس کو ناکارہ بنا دے گا جس سے نیویگیشن، ٹیلی کمیونیکیشن اور موسمیاتی پیش گوئی کا نظام بری طرح متاثر ہوگا۔
واضح رہے کہ دوسری جانب روس نے ان رپورٹس کو پراپیگنڈا قرار دیا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments