چینی کی قیمتوں میں مزید اضافہ، فی کلو 200 روپے تک پہنچنے کا امکان
کراچی (سٹاف رپورٹر )کراچی میں چینی کی قیمتوں میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے اور اب فی کلو چینی 200 روپے تک پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے ۔
چیئرمین کراچی گروسرز اینڈ ہول سیلرز ایسوسی ایشن عبد الرئوف ابراہیم نے دنیا نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ماہ رمضان کے آغاز سے قبل ہول سیل مارکیٹ میں چینی کی قیمت 120 روپے فی کلو تھی، لیکن شوگر مافیا کی وجہ سے یہ قیمت ماہ رمضان کے پہلے عشرے میں 168 روپے تک پہنچ گئی ہے ۔انہوں نے مزید بتایا کہ شہر کی سب سے بڑی ہول سیل مارکیٹ جوڑیا بازار میں چینی کی قیمتوں کا تناسب آؤٹ آف کنٹرول ہے ، جس کے اثرات روز بروز ریٹیل مارکیٹ پر بھی پڑ رہے ہیں۔ کراچی کے مختلف علاقوں میں چینی کی قیمت 180 سے 185 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے اور اس میں مزید اضافہ ہونے کے امکانات ہیں۔