بائیسویں پارے کا خلاصہ

تحریر : علامہ ابتسام الہٰی ظہیر


امہات المومنین کا مقام: قرآنِ پاک کے بائیسویں پارے کا آغاز سورۃ الاحزاب سے ہوتا ہے۔ سورۂ احزاب کے آغاز میں اللہ تعالیٰ نے اُمہات المومنین سے مخاطب ہو کر فرمایا کہ جو کوئی بھی اُمہات المومنینؓ میں سے اللہ اور اس کے رسولﷺ کیلئے اپنے آپ کو وقف کرے گا اور نیک اعمال کرے گا‘ اللہ اس کو دو گنا اجر عطا فرمائے گا اور اس کیلئے پاک رزق تیار کیا گیا ہے۔

اس کے ساتھ ساتھ اللہ تعالیٰ نے امہات المومنینؓ کو اس امر کی بھی تلقین کی کہ جب وہ کسی سے بات کریں تو نرم آواز سے بات نہ کیا کریں تاکہ جس کے دل میں مرض ہے‘ وہ ان کی آوازوں کو سن کر طمع نہ رکھے اور معروف طریقے سے بات کریں۔ اللہ تعالیٰ نے امہات المومنینؓ کو اس امر کی بھی تلقین کی کہ وہ اپنے گھروں میں مقیم رہیں اور جاہلیت کی بے پردگی اور بنائو سنگھار کا اظہار نہ کریں اور نماز کو قائم کریں‘ زکوٰۃ ادا کریں اور اللہ اور اس کے رسولﷺ کی اطاعت کریں۔ بے شک اللہ تعالیٰ چاہتا ہے کہ نبی کریمﷺ کے گھر والوں سے ناپاکی کو دور کر دیا جائے اور ان کو پاک صاف کر دیا جائے۔

پردے کا حکم

 اس سورۂ مبارکہ میں اللہ تعالیٰ نے نبی کریمﷺ کو حکم دیا کہ وہ اپنی بیویوں‘ بیٹیوں اور مومن عورتوں کو کہہ دیں کہ گھروں سے نکلیں تو وہ جلباب کو اوڑھا کریں۔ جلباب سے مراد ایک ایسا لباس ہے‘ جس نے عورت کو سر کے بالوں سے لے کر پائوں کے ناخن تک ڈھانپا ہو اور صرف ایک آنکھ نظر آ رہی ہو۔ اس لباس کا مقصد یہ تھا کہ وہ پہچان لی جائیں اور کوئی ان کو تنگ نہ کرے۔

منہ بولابیٹا

 اس سورہ مبارکہ میں اللہ تعالیٰ نے منہ بولے بیٹے کے مسئلے کو بھی واضح کیا کہ منہ بولا بیٹا حقیقی بیٹا نہیں ہوتا اور ساتھ ہی اللہ تعالیٰ نے یہ امر بھی واضح فرما دیا کہ جناب رسول اللہﷺ تم میں سے کسی مرد کے باپ نہیں‘ بلکہ اللہ کے رسول اور اس کے آخری نبی ہیں۔

ذکر اللہ کا حکم

 اللہ تبارک و تعالیٰ نے مومنوں کو حکم دیا کہ وہ اللہ کا کثرت سے ذکر کیا کریں اور صبح شام اللہ تعالیٰ کے ذکر میں مشغول رہا کریں۔ اللہ اور اس کے فرشتے مومنین پر رحمت بھیجتے ہیں تاکہ اہلِ ایمان کو گمراہی کے اندھیروں سے نکال کر (ہدایت کی) روشنی کی طرف لے جائیں۔

درود بھیجنے کا حکم

 اس سورت میں اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ اور اس کے فرشتے نبی کریمﷺ پر درود و سلام بھیجتے ہیں، اس لیے اے ایمان والو! تم بھی نبی اکرم ﷺ پر خوب درود و سلام بھیجا کرو۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ جو اللہ اور اس کے رسولﷺ کو ایذا دیتے ہیں ان کیلئے دنیا و آخرت میں درد دینے والا عذاب ہے۔ 

قیامت کا احوال

اس سورۂ مبارکہ میں اللہ تعالیٰ نے قیامت کے دن کے حوالے سے بتلایا کہ جب قیامت کا دن آئے گا تو جہنمیوں کو اوندھے منہ جہنم کی آگ میں ڈالا جائے گا۔ اس موقع پر جہنمی کہیں گے کہ اے کاش! ہم نے اللہ اور اس کے رسولﷺ کی بات کو مانا ہوتا اور کہیں گے کہ ہم نے اپنے بڑوں اور سرداروں کی بات کو مانا‘ پس انہوں نے ہمیں گمراہ کر دیا اور کہیں گے کہ اے ہمارے پروردگار! ان کو دُگنا عذاب دے اور ان پر لعنت برسا۔

اہل ایمان کو نصیحت

 اس سورت میں اللہ تعالیٰ نے اہلِ ایمان کو اس بات کی نصیحت کی ہے کہ اے ایمان والو! تم ان کی طرح نہ ہو جائو‘ جنہوں نے موسیٰ علیہ السلام کو تکلیف پہنچائی تو اللہ تعالیٰ نے ان لوگوں کی کہی ہوئی بات سے موسیٰ علیہ السلام کی برأت ظاہر کر دی اور وہ اللہ کے نزدیک بڑی عزت والے تھے۔ اہلِ ایمان کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے نبی کی تکریم کریں اور آپﷺ کی ذات کا ہر ممکن دفاع کریں۔ اس سورت میں سچی بات کہنے کے فوائد بھی بتلائے گئے ہیں کہ اگر بات سیدھی کی جائے تو معاملات سنور جاتے ہیں اور اللہ حق گو شخص کے گناہوں کو معاف فرما دیتے ہیں۔

سورۂ سبا

سورۃ الاحزاب کے بعد سورۂ سبا ہے۔ اس سورۂ مبارکہ میں اللہ تعالیٰ ارشاد فرماتے ہیں کہ سب تعریفیں اللہ کیلئے ہیں‘ جس کیلئے آسمان و زمین میں موجود سب کچھ ہے اور آخرت میں بھی اسی کی حمد و تعریف ہے اور وہ باخبر حکمت والا ہے۔ وہ جانتا ہے‘ جو زمین میں جاتا ہے اور جو اس سے نکلتا ہے اور جو آسمان سے اترتا اور اس کی طرف چڑھتا ہے اور وہ رحمت کرنے والا اور بخشنے والا ہے۔ 

دائود ؑ و سلیمانؑ پر انعامات

اس سورت میں اللہ تعالیٰ نے جناب دائود اور سلیمان علیہم السلام پر اپنے انعامات کا ذکر کیا کہ کس طرح اللہ تعالیٰ نے جناب دائود علیہ السلام کیلئے پہاڑ اور پرندوں کو مسخر فرما دیا اور لوہے کو ان کے ہاتھوں میں نرم کر دیا تھا۔ جناب سلیمان علیہ السلام کیلئے ہوائوں کو مسخر فرما دیا تھا اور مہینے کا سفر وہ چند پہروں میں کر لیتے تھے، جنات کو ان کے احکامات کے تابع کر دیا تھا۔

سبا کی بستی

 اس سورۂ مبارکہ میں اللہ تعالیٰ نے سبا کی بستی کا ذکر کیا ہے کہ یقینا سبا والوں کیلئے ان کے مقامِ رہائش میں نشانی تھی کہ ان کے دائیں اور بائیں دو باغ تھے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ تم اپنے رب کی دی ہوئی روزی کھائو اور اس کا شکر ادا کرو کہ یہ پاکیزہ شہر ہے اور تمہارا رب گناہوں کو معاف کرنے والا ہے‘ لیکن انہوں نے رو گردانی کی تو‘ اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں کہ ہم نے ان پر ایک سخت اُمڈتا ہوا سیلاب بھیج دیا اور ان کے دونوں باغوں کو بدمزہ پھل‘ جھاڑیوں اور کچھ بیری والے باغوں میں بدل دیا‘ ہم نے ان کو یہ بدلہ ان کے کفر کی وجہ سے دیا تھا اور ہم صرف ناشکروں کو ایسا بدلہ دیتے ہیں۔

بشارت دینے والا

 اس سورۂ مبارکہ میں اللہ تبارک و تعالیٰ نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ اللہ نے اپنے رسول محمد عربیﷺ کو جمیع انسانیت کیلئے بشارت دینے والا اور ڈرانے والا بنا کر بھیجا ہے مگر لوگوں کی اکثریت اس بات کو نہیں جانتی۔

سورۂ فاطر

 سورۂ فاطر میں اللہ تعالیٰ بیان کرتے ہیں کہ تمام تعریفیں زمین اور آسمان بنانے والے اللہ کیلئے ہیں۔ اس نے فرشتوں میں سے بھی رسول (پیامبر) چنے ہیں۔ بعض فرشتے دو پروں والے بعض تین اور بعض چار پروں والے ہیں اور اللہ تعالیٰ اپنی خلقت میں جس طرح چاہتا ہے اضافہ کرتا ہے۔ بے شک اللہ تعالیٰ ہر چیز پر قادر ہے۔ جناب جبرائیل امینؑ جو فرشتوں کے سردار ہیں‘ کو اللہ تعالیٰ نے چھ سو پر عطا فرمائے ہیں۔

گمراہ لوگ

 اس سورت میں اللہ تعالیٰ نے ان گمراہ لوگوں کا ذکر کیا کہ جن کو ان کے غلط اعمال بھی اچھے معلوم ہوتے ہیں، اللہ تعالیٰ نبی رحمت ﷺکو دلاسہ دیتے ہیں کہ آپ ان اعمال پر حسرت نہ کریں۔ اللہ تعالیٰ کو پتا ہے جو یہ کرتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں دنیا میں جتنی عورتیں حاملہ ہوتیں اور جتنی بچوں کو جنتی ہیں اور جو کوئی بھی بوڑھا ہوتا ہے اور جس کی عمر کم ہوتی ہے‘ اللہ کو ہر بات کا علم ہوتا ہے۔ اس سورت میں اللہ تعالیٰ یہ بھی ارشاد فرماتے ہیں کہ اندھا اور بینا برابر نہیں ہو سکتے اور نہ ہی دھوپ اور چھائوں برابر ہو سکتے ہیں اور نہ ہی زندہ اور مردہ برابر ہو سکتے ہیں۔ اللہ تبارک و تعالیٰ کا ارشاد ہے کہ جو شخص ہدایت کے راستے پر ہو وہ گمراہ انسانوں کے برابر نہیں ہوتا۔

سورۂ یٰسین

سورہ فاطر کے بعد سورہ یٰسٓ ہے۔ اس سورت میں اللہ تعالیٰ نے قرآن حکیم کی قسم کھا کر کہا بے شک محمدﷺ رسولوں میں سے ہیں اور ان کا راستہ ہی سیدھا راستہ ہے۔ اللہ تعالیٰ نے ارشاد فرمایا کہ جو لوگ کافر ہیں‘ ان کو ڈرایا جائے یا نہ ڈرایا جائے‘ ان کیلئے برابر ہے، وہ ایمان نہیں لائیں گے۔ رسول کریمﷺ اس کو ڈراتے ہیں جو قرآنِ مجید کی پیروی کرتا اور اللہ تعالیٰ کے ڈر اور تقویٰ کو اختیار کرنے والا ہے۔ اس سورۂ مبارکہ میں اللہ تعالیٰ نے ایک بستی کا ذکر کیا، جس میں اللہ تعالیٰ نے اپنے دو پیغمبروں کو بھیجا لیکن بستی والوں نے ان کو جھٹلایا تب اللہ تعالیٰ نے تیسرے پیغمبر سے ان کی مدد کی۔ ان پیغمبروں نے کہا کہ ہم اللہ تعالیٰ کے بھیجے ہوئے ہیں جس پر بستی والوں نے کہا کہ رحمن نے کچھ بھی نازل نہیں کیا اور (معاذ اللہ) تم جھوٹ بول رہے ہو۔ بستی والوں کا مقابلہ کرنے کیلئے بستی کے ایک کنارے سے ایک شخص اٹھا اور اس نے کہا کہ اے میری قوم کے لوگو! رسولوں کی پیروی کرو جو تم سے کچھ بھی طلب نہیں کر رہے اور وہ ہدایت پر ہیں۔ اس کے بعد کا واقعہ تئیسویں پارے میں بیان ہوگا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں
Advertisement
0 seconds of 0 secondsVolume 0%
Press shift question mark to access a list of keyboard shortcuts
00:00
00:00
00:00
 

صدقہ فطر، مقصد و احکام

جس نے نماز عید سے پہلے اسے ادا کیا تو یہ مقبول زکوٰۃ ہے

جمعتہ الوداع ! ماہ مبارک کے وداع ہونے کا وقت قریب آ گیا

ماہ رمضان کے آخری جمعہ کو جمعۃالوداع کہتے ہیں۔ الوداع کے لغوی معنی رخصت کرنے کے ہیں چونکہ یہ آخری جمعۃ المبارک ماہ صیام کو الوداع کہتا ہے اس لئے اس کو جمعۃ الوداع کہتے ہیں۔ جمعۃ الوداع اسلامی شان و شوکت کا ایک عظیم اجتماع عام ہے۔ یہ اپنے اندر بے پناہ روحانی نورانی کیفیتیں رکھتا ہے اور یہ جمعہ اس لحاظ سے بھی بڑی اہمیت کا حامل ہے کہ اب ان ایام گنتی کے وداع ہونے کا وقت قریب آگیا ہے۔ جس میں مسلمانوں کیلئے عبادات کا ثواب کئی گنا بڑھا دیا جاتا ہے۔

سجدہ تلاوت کے چند مسائل

قرآن منبع ہدایت ہے، جب اس کی تلاوت تمام آداب، شرائط اور اس کے حقوق ادا کر کے نہایت غور و خوض سے کی جائے تو اللہ تعالیٰ ہدایت عطا فرماتے ہیں اور علم و حکمت کے دریا بہا دیتے ہیں۔ قرآن کریم کی تلاوت کے احکام میں سے ایک حکم سجدہ تلاوت بھی ہے کہ متعین آیات کریمہ کی تلاوت کرنے اور سننے کے بعد سجدہ کرنا واجب ہوتا ہے۔

اٹھائیسویں پارے کاخلاصہ

سورۃ المجادلہ: اس سورۂ مبارکہ کا پسِ منظر یہ ہے کہ صحابیہ خولہؓ بنت ثعلبہ کے ساتھ ان کے شوہر اوسؓ بن صامت نے ظِہار کر لیا تھا۔ ظِہارکے ذریعے زمانۂ جاہلیت میں بیوی شوہر پر حرام ہو جاتی تھی۔ حضرت خولہؓ رسول اللہﷺ کی خدمت میں حاضر ہوئیں اور کہا: پہلے میں جوان تھی‘ حسین تھی اب میری عمر ڈھل چکی ہے اور میرے چھوٹے چھوٹے بچے ہیں‘ انہیں شوہر کے پاس چھوڑتی ہوں تو ہلاک ہو جائیں گے اور میرے پاس کفالت کیلئے مال نہیں ہے۔

اٹھائیسویں پارے کاخلاصہ

سورۃ المجادلہ: قرآنِ پاک کے 28ویں پارے کا آغاز سورۃ المجادلہ سے ہوتا ہے۔ سورۂ مجادلہ کے شروع میں اللہ تعالیٰ نے سیدہ خولہ بنت ثعلبہ رضی اللہ عنہا کا واقعہ ذکر کیا ہے کہ جن کے شوہر نے ناراضی میں ان کو کہہ دیا تھا کہ تم میرے لیے میری ماں کی پشت کی طرح ہو۔ یہ درحقیقت عربوں کا ایک رواج تھا جسے ’ظِہار‘ کہا جاتا تھا۔

لیلتہ القدر ہزار مہینوں سے افضل شب

’’جس شخص نے ایمان اور اخلاص کے ساتھ ثواب کے حصول کی غرض سے شب قدر میں قیام کیا تو اس کے سارے پچھلے گناہ بخش دیئے جائیں گے‘‘(صحیح بخاری و مسلم شریف)