عید کے دن روزہ رکھنے کی ممانعت!

تحریر : ڈاکٹر فرحت ہاشمی


عید الفطر خوشی اور مسرت کا دن ہے۔ اس دن روزہ رکھنا منع ہے، یہ دن کھانے پینے اور اللہ کی بڑائی بیان کرنے کا دن ہے۔ خو شی کے اظہار کیلئے چاند رات سے ہی مساجد، بازاروں، راستوں اور گھروں میں تکبیرات بلند کرنی چاہئیں۔ صدقۂ فطر ہر مسلمان پر فرض ہے خواہ اُس نے رمضان کے روزے رکھے ہوں یا نہیں۔

 نمازعید سے پہلے پیدا ہونے والے بچے،گھر کے ملازمین اور گھر آئے ہوئے مہمان کا بھی صدقہ فطر دینا ہو گا۔ عبداللہ بن عباسؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے صدقۂ فطر کو فرض قرار دیا ہے تاکہ روزہ دار کیلئے لغو اور بیہودہ اقوال و افعال سے پاکیزگی ہوجائے اور مسکینوں کو کھانے کو مل جائے ،چنانچہ جس نے اسے نماز (عید)  سے  پہلے پہلے ادا کیا تو یہ ایسی زکوٰۃ ہے جو قبول کر لی گئی اور جس نے اسے نماز کے بعد ادا کیا تو یہ عام  صدقات میں سے ایک صدقہ ہو گا( ابو داؤد : 1609)۔ 

عید کے روزمسواک کرنا،غسل کرنا،بہترین لباس پہننا اورخوشبو لگاناسنت ہے۔ نماز عید کیلئے جانے سے پہلے میٹھی چیز (خصوصاًکھجوریں) کھانا سنت ہے (صحیح بخاری: 953)۔ عید گاہ جاتے ہوئے کثرت سے تکبیرات پڑھنا سنت ہے۔ 

نماز عید کی ادائیگی کیلئے خواتین کو بھی جا نا چاہیے ۔ اُم عطیہؓ سے روایت ہے، فرماتی ہیں: ’’ہمیں حکم دیا یعنی نبی ﷺ نے کہ ہم جوان، کنواری لڑکیوں اور پردہ نشین عورتوں کوبھی دونوں عیدوں کے دن (نماز کیلئے) لائیں اور حکم دیا کہ حیض والیاں مسلمانوں کی نماز کی جگہ سے دور رہیں (صحیح مسلم : 2054)۔

نماز عید سے واپسی پر راستہ تبدیل کرنا سنت ہے۔ (صحیح بخاری: 986)، کسی وجہ سے نماز عید نہ پا سکنے والے افراد گھر میں دو رکعت نماز ادا کر سکتے ہیں (صحیح بخاری:باب25)۔عید کے روزمسلمانوں کی باہم ملاقات آپس کی محبت بڑھانے کا سبب بنتی ہے۔ صحابہ کرامؓ اس ملاقات میں ایک دوسرے کو مندرجہ ذیل دعا دیا کرتے تھے ’’اللہ تعالیٰ ہماری اور آپ کی (عبادت) قبول فرمائے (سنن الکبریٰ للبیہقی :6390)۔

شوّال کے روزے: رمضان اور عید گزرنے کے بعد شوال کے مہینے میں 6روزے رکھنے کا اہتمام کریں۔ حضرت ابو ایوب انصاری ؓ سے روایت ہے کہ بیشک رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ’’جو شخص رمضان کے روزے رکھ کر شوال کے مہینے میں چھ روزے رکھے اسے عمر بھر کے روزوں کا ثواب ملتا ہے‘‘(صحیح مسلم:2758)۔ ایک اور جگہ فرمایا: رمضان کے روزے دس مہینے اور شوال کے چھ روزے دو مہینوں کے برابر ہیں، اس طرح یہ ایک سال کے روزے ہوں گے۔ یہ روزے عید کے فوراً بعد یا وقفے کے ساتھ رکھے جا سکتے ہیں۔

قضا روزے رمضا ن میں کسی بھی عذر کی بناء پر چھوڑے گئے روزوں کی قضا جلد ازجلد ادا کریں کیونکہ رمضان کے دنوں کی گنتی پوری کرنا ضروری ہے لیکن یہ روزے شوال کے نفلی روزوں کے علاوہ رکھے جائیں گے۔ اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے: ’’اور جو کوئی مریض ہو یا سفر پر ہو تو وہ دوسرے دنوں میں روزوں کی تعداد پوری کرے ،اللہ تمہارے ساتھ نرمی کرنا چاہتا ہے،سختی کرنا نہیں چاہتا،اس لیے یہ طریقہ تمہیں بتایا جارہا ہے تاکہ تم روزوں کی تعداد پوری کر سکو(البقرۃ185)۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

عیدالفطر نعمت الٰہی پر شکر اور بخشش کا دن

نبی کریمﷺ نے ماہ رَمضان المبارک کے متعلق ارشاد فرمایا: ’’اِس مہینے کا پہلا عشرہ رَحمت، دوسرا مغفرت اور تیسرا عشرہ جہنَّم سے آزادی کا ہے‘‘ (صحیح ابن خُزَیمہ، ج3، حدیث:1887)۔ معلوم ہوا کہ رمضان المبارک رَحمت و مغفرت اور جہنَّم سے آزادی کا مہینہ ہے،

عید کا روز اور معمولاتِ نبویﷺ

اچھالباس پہننا :عید کے روز اچھے کپڑے پہننے کے متعلق امام شافعیؒ اور امام بغویؒ نے امام جعفربن محمد سے روایت کیا ہے کہ رسول اللہﷺ ہر عیدکے موقع پر دھاری دار یمنی کپڑے کا لباس زیب تن کیاکرتے تھے۔

رمضان کے بعد زندگی کیسے گزاریں؟

رمضان المبارک اپنی تمام تر رحمتوں اور برکتوں کے ساتھ جلوہ فگن ہوا اور بڑی تیزی سے ہمارے درمیان سے رخصت بھی ہو گیا۔

حاصل رمضان!

ماہ مبارک سے کیا پایا، اپنا احتساب کریں

عید الفطر: نماز کا طریقہ اور احکام

عید الفطر تو رمضان المبارک کی عبادات کی انجام دہی کیلئے توفیق الٰہی کے عطا ہونے پر اظہار تشکر و مسرت کے طور پر منائی جاتی ہے۔

صدقہ فطر: فضائل و مسائل

جس نے نماز عید سے پہلے اسے ادا کیا تو یہ مقبول زکوٰۃ ہے