چیونٹیاں راستہ کیسے تلاش کرتی ہیں؟
کیا آپ نے کبھی غور کیا ہے کہ چیونٹیاں خوراک کی تلاش میں اپنے بل سے نکلتی ہیں اور پھر بغیر بھٹکے واپس بھی پہنچ جاتی ہیں؟
حیرت کی بات یہ ہے کہ یہ ننھی سی مخلوق نہ تو نقشہ استعمال کرتی ہے اور نہ ہی اس کے پاس کوئی کمپاس ہوتا ہے، اس کے باوجود یہ اپنے راستے تلاش کرنے میں کمال مہارت رکھتی ہے۔ آخر چیونٹیاں ایسا کیسے کرتی ہیں؟
دراصل چیونٹیاں راستہ تلاش کرنے کیلئے اپنی سونگھنے کی حس، آنکھوں اور سورج کی روشنی سے مدد لیتی ہیں۔ ان کے راستہ پہچاننے کا سب سے دلچسپ طریقہ خوشبو کے ذریعے ہے۔ جب کوئی چیونٹی خوراک کی تلاش میں نکلتی ہے تو چلتے ہوئے زمین پر خاص قسم کے کیمیائی مادے چھوڑتی جاتی ہے، جنہیں ’’فیرومونز ‘‘(Pheromones) کہا جاتا ہے۔ دوسری چیونٹیاں اپنی خاص حس کے ذریعے ان خوشبوؤں کو محسوس کرتی ہیں اور ان کے نشانات پر چلتے ہوئے خوراک تک پہنچ جاتی ہیں۔
جب کسی چیونٹی کو کہیں چینی، بسکٹ یا کھانے کا کوئی ٹکڑا ملتا ہے تو وہ واپس اپنے بل کی طرف آتے ہوئے خوشبو کے نشانات چھوڑتی ہے۔ اس کے پیچھے آنے والی چیونٹیاں بھی اسی راستے پر چلتی ہیں۔ جتنی زیادہ چیونٹیاں اس راستے سے گزرتی ہیں، خوشبو کے نشانات اتنے ہی مضبوط ہوتے جاتے ہیں۔ یوں دیکھتے ہی دیکھتے چیونٹیوں کی ایک لمبی قطار بن جاتی ہے۔
چیونٹیاں صرف خوشبو ہی پر انحصار نہیں کرتیں بلکہ سورج کی سمت، روشنی اور اردگرد موجود چیزوں کو بھی یاد رکھتی ہیں۔ بعض اقسام کی چیونٹیاں اپنے قدموں کی گنتی اور زمین پر موجود نشانات کی مدد سے بھی فاصلے اور راستے کا اندازہ لگاتی ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments