میاں موجی گئے چڑیا گھر

تحریر : دانیال حسن چغتائی


صبح کی نرم دھوپ بھلی لگ رہی تھی۔ درختوں کے پتوں پر شبنم کے قطرے موتیوں کی طرح چمک رہے تھے اور چڑیوں کا چہچہانا میٹھا راگ پیدا کر رہا تھا۔

 اسی خوشگوار صبح میں میاں موجی سیر و تفریح کیلئے چڑیا گھر پہنچے ہوئے تھے۔ 

فرحان بھی آج اپنے ماموں کے ساتھ چڑیا گھر آیا تھا۔ جب اس نے دیوار کے پاس کھڑے میاں موجی کو دیکھا تو خوشی سے اچھل پڑا۔

میاں موجی!آپ یہاں کیسے؟فرحان نے حیرت اور خوشی کے ملے جلے جذبات سے پوچھا۔

میاں موجی نے مسکرا کر کہا: آج میں جانوروں کا حال دیکھنے آیا ہوں، فرحان میاں! دیکھو تو سہی، یہاں سب خوش ہیں یا کسی کو کوئی پریشانی ہے۔

دونوں ساتھ چل پڑے۔ پہلے وہ بندروں کے پنجرے کے پاس گئے۔ وہاں ننھا سا بندر ایک کونے میں اداس بیٹھا تھا۔ اس کے ہاتھ میں پھٹا ہوا بال تھا۔ فرحان نے دیکھا کہ باقی بندر اچھل کود کر رہے ہیں، مگر یہ ننھا بندر خاموش ہے۔

میاں موجی آگے بڑھے اور پیار سے بولے: ارے ننھے دوست، تم کیوں اداس ہو؟

ننھے بندر نے آہ بھری اور کہا: میری گیند پھٹ گئی ہے، اب میں دوسروں کے ساتھ کیسے کھیلوں؟

میاں موجی نے اپنے نیلے کوٹ کی جیب سے چمکتی ہوئی گولی نکالی اور ننھے بندر کے ہاتھ پر رکھی۔ دیکھتے ہی دیکھتے وہ پھٹا ہوا بال نئی، چمکدار اور اچھلتی گیند بن گیا۔ ننھا بندر خوشی سے قلابازیاں کھانے لگا۔ میاں موجی بھی یہ دیکھ کر مسکرا اٹھے۔ 

آگے چلے تو مور کے پنجرے کے پاس کچھ بچے اونچی آواز میں شور مچا رہے تھے اور تالیاں بجا کر مور کو ڈرا رہے تھے۔ بیچارہ مور اپنے خوبصورت پنکھ سمیٹے ایک طرف دبک کر بیٹھ گیا تھا۔

فرحان نے یہ دیکھا تو فوراً ان بچوں کے پاس گیا اور نرمی سے بولا: بھئی، شور مت مچاؤ، مور ڈر رہا ہے۔ جانوروں کو تنگ نہیں کرنا چاہیے۔

میاں موجی نے فرحان کی بات سن کر مسکراتے ہوئے ببلز اڑائے جن میں لکھا تھا: شاباش فرحان! یہی تو دوستی ہے۔

 پھر میاں موجی نے مور کے سر پر ہلکا سا ہاتھ پھیرا۔ مور نے اطمینان کا سانس لیا اور آہستہ آہستہ اپنے رنگ برنگے پنکھ پھیلا لیے۔ سورج کی کرنیں ان پنکھوں پر پڑیں تو پورا منظر جگمگا اٹھا۔

شام ڈھلنے لگی تو آسمان پر ہلکے گلابی اور نارنجی رنگ پھیل گئے۔ چڑیا گھر کے جانور اب آرام کرنے کی تیاری کر رہے تھے۔ فرحان نے میاں موجی کا شکریہ ادا کیا اور کہا:میاں موجی، آج مجھے پتہ چلا کہ جانور بھی ہماری طرح جذبات رکھتے ہیں، انہیں پیار اور سکون چاہیے۔

میاں موجی نے ہنس کر کہا: بالکل درست سمجھے فرحان! جو مخلوق کا خیال رکھتا ہے، رب بھی اس سے خوش ہوتا ہے۔

پھر میاں موجی نے فرحان کو الوداع کہا اور ٹہلتے ہوئے دور نکل گئے جبکہ فرحان اپنے دل میں نیا سبق اور ڈھیروں خوشیاں لیے گھر کی طرف روانہ ہوا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...

اصل خزانہ

علی ! ذرا اپنی لالٹین اُونچی کرو ، مجھے ان درختوں کے پیچھے کچھ چمکتی ہوئی آنکھیں دکھائی دے رہی ہیں ۔ حرا نے گھبرا کر کہا ۔

چیونٹیاں راستہ کیسے تلاش کرتی ہیں؟

کیا آپ نے کبھی غور کیا ہے کہ چیونٹیاں خوراک کی تلاش میں اپنے بل سے نکلتی ہیں اور پھر بغیر بھٹکے واپس بھی پہنچ جاتی ہیں؟

آؤ بچو ، سنو کہانی!

آؤ بچّو ، سنو کہانی،ایک تھا راجا ایک تھی رانی

نصیحت آموز باتیں

٭…اپنی عزت خود اپنے کردار سے بناؤ۔

ذرا مسکرائیے

کرائے دار(مالک مکان سے):میں اس ماہ کرایہ ادا نہیں کر سکوں گا۔مالک مکان:آپ نے پچھلے ماہ بھی یہی کہا تھا۔

پہیلیاں

دن بھر سوئے، رات کو جاگے،بڑی بڑی آنکھوں سے تاکے