جنوبی ایشیائی کھیل ایک بارپھرموخر
14ویں سائوتھ ایشین گیمز2027ء:یہ کھیل 3 سے 11 اپریل تک پاکستان کے تین شہروں اسلام آباد، لاہور اور پشاور میں منعقد ہوناتھے:ریاض(سعودی عرب) میں شیڈول چھٹے ایشین انڈور اینڈ مارشل آرٹس گیمز کی تاریخیں 28 مارچ تا 8 اپریل 2027 تک ری شیڈول ہونے کے باعث سائوتھ ایشین گیمزکوموخر کیاگیا
جنوبی ایشیا میں کھیلوں کا سب سے بڑا اور معتبر میلہ یعنی ’’14ویں ساؤتھ ایشین گیمز‘‘ جو پہلے ہی 8 برسوں سے التوا کا شکار چلے آ رہے تھے اور اس سے قبل 3 سے 11 اپریل 2027ء تک پاکستان کے تین شہروں اسلام آباد، لاہور اور پشاور میں منعقد ہونا طے پائے تھے، ان کی نئی تاریخوں کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا ہے۔ اب یہ میگا ایونٹ 18 سے 27 ستمبر 2027ء تک پاکستان کی سرزمین پر منعقد ہوگا۔شیڈول میں اس تبدیلی کی بنیادی وجہ بین الاقوامی کھیلوں کے کیلنڈر میں ہونے والا تصادم تھا۔ اولمپک کونسل آف ایشیا (او سی اے) اور سعودی اولمپک اینڈ پیرالمپک کمیٹی کی جانب سے ریاض میں شیڈول چھٹے ایشین انڈور اینڈ مارشل آرٹس گیمز کو 28 مارچ تا 8 اپریل تک ری شیڈول کیے جانے کے بعد دونوں بڑے ایونٹس کی تاریخیں آپس میں ٹکرا رہی تھیں۔ کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود کو اوّلین ترجیح دینے اور انہیں دونوں بین الاقوامی مقابلوں میں بھرپور شرکت کے یکساں مواقع فراہم کرنے کے پیش نظر جنوبی ایشیا کی تمام شریک نیشنل اولمپک کمیٹیوں نے باہمی مشاورت اور اتفاق رائے سے ستمبر کی نئی تاریخوں کی منظوری دی ہے۔
پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل محمد خالد محمود کی جانب سے جاری کردہ باضابطہ بیان میں نئی تاریخوں کی تصدیق کرتے ہوئے واضح کیا گیا ہے کہ جنوبی ایشیائی اولمپک کمیٹیوں کے درمیان پایا جانے والا یہ اتفاق رائے خطے کی اولمپک تحریک میں یکجہتی اور باہمی تعاون کی روح کا مظہر ہے۔
اس نظرثانی سے قبل ہی گیمز کے انعقاد کیلئے تمام بنیادی انتظامی معاملات کو حتمی شکل دی جا چکی تھی۔ ساؤتھ ایشیا اولمپک کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اسلام آباد میں منعقد ہونے والے اہم اجلاس میں گیمز کے انتظامی فریم ورک کی باقاعدہ منظوری دی گئی تھی۔ پی او اے اور ایس اے او سی کے صدر عارف سعید کی صدارت میں ہونے والے اس اعلیٰ سطحی اجلاس میں تمام ممبر ممالک کے سرکردہ نمائندوں نے شرکت کی تھی۔ اجلاس میں خطے کی پوری اولمپک فیملی نے پاکستان میں جاری تیاریوں کے عملی کاموں کا تفصیلی جائزہ لے کر اس عزم کا اعادہ کیا تھا کہ یہ گیمز خطے میں کھیل، امن اور باہمی دوستی کا ایک نیا باب روشن کریں گی۔
پاکستان کیلئے ان گیمز کی میزبانی اس لحاظ سے انتہائی اہمیت کی حامل ہے کہ پاکستان گزشتہ ایونٹ (2019ء، نیپال) کے طویل انتظار کے بعد اور خود اپنی سرزمین پر 23 سال کے بعد ان بین الاقوامی کھیلوں کی میزبانی کرنے جا رہا ہے۔ اس سے قبل پاکستان نے آخری بار 2004ء میں 9ویں ساؤتھ ایشین گیمز کی میزبانی کی تھی۔ مزید برآں اسلام آباد 1989ء اور 2004ء میں بھی ان کھیلوں کا میزبان رہ چکا ہے۔ تاہم یہ پہلی بار ہو رہا ہے کہ ایونٹس کا دائرہ کار صرف ایک شہر تک محدود رکھنے کے بجائے اسلام آباد کے ساتھ ساتھ لاہور اور پشاور تک پھیلایا گیا ہے۔
مجوزہ منصوبے اور سپورٹس چارٹر کے تحت 18 سے 27 ستمبرتک جاری رہنے والے اس میلے میں 28 مختلف کھیلوں کے مجموعی طور پر 346 گولڈ میڈلز کیلئے مقابلے طے ہیں۔ کھیلوں میں خواتین کی مساوی شمولیت کو فروغ دینے کیلئے 28 میں سے 25 کھیلوں میں مرد اتھلیٹس کے ساتھ خواتین اتھلیٹس بھی اپنے فن کے جوہر دکھائیں گی۔ اس ایونٹ میں جنوبی ایشیا کے تمام ممالک سے تقریباً 4,200 افراد پر مشتمل وفود پاکستان آئیں گے، جن میں 3,200 کھلاڑی شامل ہوں گے۔
تینوں میزبان شہروں کے 28 وینیوز کی تزین و آرائش کا کام تیزی سے جاری ہے۔ اسلام آباد کو مرکزی حیثیت حاصل ہے جہاں گیمز کی افتتاحی و اختتامی تقاریب سمیت 15 کھیلوں کے مقابلے ہوں گے۔ لاہور کو 10 کھیلوں کی میزبانی سونپی گئی ہے، جبکہ پشاور میں 3 کھیلوں کے مقابلے منعقد کیے جائیں گے۔
دوسری جانب گیمز کے حتمی سپورٹس ڈرافٹ سے بیس بال (مرد و خواتین) کو خارج کیے جانے کے فیصلے پر پاکستان کے سپورٹس حلقوں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔ بیس بال کو نکالنے پر پاکستان فیڈریشن بیس بال کے صدر ڈاکٹر حمود لکھوی اور سیکرٹری جنرل طاہر محمود نے حکومت اور پی او اے کو خطوط ارسال کیے ہیں۔ فیڈریشن نے موقف اختیار کیا ہے کہ پاکستان اس وقت جنوبی ایشیا میں بیس بال کی نمبر ون اور ناقابلِ شکست ٹیم ہے اور مرد و خواتین دونوں کی رینکنگ میں سرفہرست ہے، لہٰذا اگر بیس بال کو دوبارہ گیمز میں شامل کر لیا جائے تو پاکستان کیلئے دونوں ایونٹس میں دو یقینی گولڈ میڈلز کی تحریری گارنٹی دی جاسکتی ہے۔
مجموعی طور پر ساؤتھ ایشین گیمز کا انعقاد پاکستان کیلئے ایک بڑا امتحان بھی ہے اور ایک سنہری موقع بھی۔ 23 سال بعد عالمی ایونٹ کی میزبانی ملک میں سپورٹس انفراسٹرکچر کی بحالی اور عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت اور پرامن تاثر اجاگر کرنے میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔ تاریخوں میں ہونے والی اس تبدیلی نے منتظمین کو وینیوز کی تکمیل، بین الاقوامی معیار کی رہائش، ٹرانسپورٹیشن اور فول پروف سیکورٹی انتظامات کو مزید بہتر بنانے کا اضافی وقت بھی فراہم کر دیا ہے۔ اگر پاکستان ان تمام انتظامی و سفارتی امور کو احسن طریقے سے پایہ تکمیل تک پہنچاتا ہے تو ستمبر 2027ء میں سجنے والے یہ گیمز خطے کی تاریخ کا ایک یادگار ایونٹ ثابت ہوں گے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments