انگلینڈ انڈر 19 کی میزبانی وآئرلینڈ کا تاریخی اوّلین دورہ

تحریر : محمد ارشد لئیق


انٹرنیشنل کرکٹ ہوم سیزن کادوسرا مرحلہ:پاکستان وانگلینڈ انڈر19ٹیموں کے مابین تین ون ڈے اور ایک چار روزہ میچ کھیلا جائے گا:آئرش ٹیم لاہورمیں پہلے مرحلے میں 13، 15 اور 17 جنوری کو پاکستان شاہینز کے خلاف تین ون ڈے میچز اور پھر 20، 22 اور 24 جنوری کو پاکستان کی قومی ٹیم کے مدِمقابل تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز کی سیریز میں حصہ لے گی

پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ ہوم سیزن کے دوسرے مرحلے کا آغاز انگلینڈ انڈر 19 کرکٹ ٹیم کی میزبانی اور آئرلینڈ کی جونیئر ٹیم کے تاریخی پہلے دورے سے ہوگا۔پاکستان کرکٹ بورڈکی جانب سے رواں سال کے اختتام اور نئے سال کے آغاز پر دو اہم بین الاقوامی دوروں کا باضابطہ اعلان ملکی کرکٹ کیلئے نہ صرف خوش آئند ہے بلکہ یہ اس امر کا بھی غماز ہے کہ پاکستان اب عالمی کرکٹ کیلنڈر کا ایک مستقل اور بااعتماد مرکز بن چکا ہے۔ دسمبرمیں انگلینڈ انڈر 19 ٹیم کا دورہ پاکستان اور جنوری 2027ء میں آئرلینڈ مینز کرکٹ ٹیم کی پہلی مرتبہ آمد دو الگ الگ سطحوں پر پاکستان کرکٹ کی حکمت عملی کو واضح کرتی ہے۔ ایک طرف جونیئر سطح پر مستقبل کے معماروں کو عالمی معیار کے مقابلوں سے گزار کر تراشنے کا عمل جاری ہے، تو دوسری طرف سینئر سطح پر ایسوسی ایٹ سے فل ممبر بننے والی ٹیموں کو مواقع فراہم کر کے بین الاقوامی کرکٹ کے فروغ اور اپنی بینچ اسٹرینتھ یعنی پاکستان شاہینز کو آزمانے کی منصوبہ بندی نظر آتی ہے۔ یہ دونوں سیریز محض روایتی کرکٹ مقابلے نہیں بلکہ پاکستان کے کرکٹ انفراسٹرکچر، کوچنگ سسٹم اور سلیکشن پالیسیوں کا ایک کڑا امتحان بھی ثابت ہوں گی۔

سب سے پہلے اگر انگلینڈ انڈر 19 ٹیم کے دور پاکستان کا جائزہ لیا جائے تو یہ سیریز جونیئر کرکٹ کے تناظر میں غیر معمولی اہمیت کی حامل ہے۔ انگلینڈ کی نوجوان ٹیم یکم دسمبر کو اسلام آباد پہنچے گی اور راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں 5، 7 اور 9 دسمبر کو تین ون ڈے میچز(جو 45 اوورز فی اننگز پر مشتمل ہوں گے) اور 13 سے 16 دسمبر تک واحد چار روزہ میچ کھیلا جائے گا۔ اس سیریز کیلئے 15 رکنی اسکواڈز کا اعلان کیا جا چکا ہے اورقیادت ایک بار پھر فرحان یوسف کو سونپی گئی ہے۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ دونوں اسکواڈز میں بنیادی ڈھانچہ ایک جیسا رکھا گیا ہے، تاہم فارمیٹ کی ضروریات کے مطابق معمولی تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ ون ڈے اسکواڈ میں عبدالسبحان، حذیفہ احسن اور نقاب شفیق کو شامل کیا گیا ہے جبکہ چار روزہ میچ کیلئے اسد عمر، حسن خان اور محمد صہیب کو موقع دیا گیا ہے۔

پاکستان انڈر 19 ٹیم کی حالیہ کارکردگی اس سیریز کو مزید سنسنی خیز بنا دیتی ہے۔ قومی جونیئر ٹیم حال ہی میں عمان میں ہونے والے اے سی سی مینز انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں روایتی حریف بھارت کے ہاتھوں محض ایک وکٹ کی سنسنی خیز شکست کے بعد رنرز اپ رہی ہے۔ اس سے قبل رواں برس ہی پاکستان انڈر 19 ٹیم نے انگلینڈ کا دورہ کیا تھا جہاں گرین شرٹس نے ون ڈے سیریز 1-3 سے اپنے نام کر کے برطانوی سرزمین پر اپنی برتری ثابت کی تھی، البتہ چار روزہ میچ میں انہیں محض 10 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

 اب ہوم گرانڈ یعنی راولپنڈی کی کنڈیشنز میں پاکستان کے پاس نہ صرف اس 10 رنز کی شکست کا حساب چکتا کرنے کا سنہری موقع ہے بلکہ ایشیا کپ فائنل کی تلخی کو بھلا کر فتح کے ٹریک پر واپس آنے کا چیلنج بھی درپیش ہے۔ اسی مقصد کے تحت ہیڈ کوچ و ٹیم منیجر شاہد انور کی نگرانی میں نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں پری سیریز تربیتی کیمپ کا انعقاد کیا گیا ہے، جہاں رائو افتخار انجم (فاسٹ بولنگ کوچ)، زوہیب خان(سپن بولنگ کوچ)اور ہمایوں فرحت(فیلڈنگ کوچ) جیسے تجربہ کار سابق کرکٹرز نوجوان کھلاڑیوں کی خامیوں کو دور کرنے پر کام کر رہے ہیں۔

 جنوری 2027ء میں آئرلینڈ مینز کرکٹ ٹیم کا اوّلین دورہ پاکستان ایک تاریخی سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ آئرلینڈ کی ٹیم 9 جنوری کو لاہور پہنچے گی اور قذافی اسٹیڈیم لاہور میں مجموعی طور پر چھ وائٹ بال میچ کھیلے گی۔ اس دورے کی سب سے خاص بات اس کا دو مرحلوں پر مشتمل ہونا ہے۔ آئرش ٹیم پہلے مرحلے میں پاکستان شاہینز کے خلاف تین ون ڈے میچ کھیلے گی اور اس کے بعد پاکستان کی قومی ٹیم کے مدمقابل تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز کی سیریز میں حصہ لے گی۔

 کرکٹ ماہرین کے نزدیک سیریز سے قبل پاکستان شاہینز کے ساتھ تین میچز کا انعقاد ایک انتہائی دانشمندانہ فیصلہ ہے۔ ایک طرف اس سے مہمان آئرش ٹیم کو لاہور کی سرد اور دھند آلود کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونے کا بھرپور موقع ملے گا، تو دوسری طرف قومی سلیکٹرز کیلئے یہ میچ ڈومیسٹک کرکٹ کے نمایاں پرفارمرز اور انڈر19 سے اوپر آنے والے کھلاڑیوں کو پرکھنے کی بہترین کسوٹی ثابت ہوں گے۔ پاکستان کی سینئر ٹیم اس وقت ون ڈے فارمیٹ میں بہترین ردھم میں دکھائی دے رہی ہے، جس کا ثبوت گزشتہ ماہ شاہین شاہ آفریدی کی قیادت میں راولپنڈی اور لاہور میں کھیلی گئی تین ملکی ون ڈے سیریز کی فتح ہے، جس میں انگلینڈ اور سری لنکا جیسی مضبوط ٹیمیں شریک تھیں۔ ایسے میں آئرلینڈ جیسی ٹیم، جو ماضی میں بڑے ایونٹس میں اپ سیٹ کرنے کی شہرت رکھتی ہے، کے خلاف سیریز قومی ٹیم کو اپنے کمبی نیشن میں نئے تجربات کرنے اور ورلڈ کپ کے طویل مدتی منصوبوں کو حتمی شکل دینے میں مدد دے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...

جنوبی ایشیائی کھیل ایک بارپھرموخر

14ویں سائوتھ ایشین گیمز2027ء:یہ کھیل 3 سے 11 اپریل تک پاکستان کے تین شہروں اسلام آباد، لاہور اور پشاور میں منعقد ہوناتھے:ریاض(سعودی عرب) میں شیڈول چھٹے ایشین انڈور اینڈ مارشل آرٹس گیمز کی تاریخیں 28 مارچ تا 8 اپریل 2027 تک ری شیڈول ہونے کے باعث سائوتھ ایشین گیمزکوموخر کیاگیا

میاں موجی گئے چڑیا گھر

صبح کی نرم دھوپ بھلی لگ رہی تھی۔ درختوں کے پتوں پر شبنم کے قطرے موتیوں کی طرح چمک رہے تھے اور چڑیوں کا چہچہانا میٹھا راگ پیدا کر رہا تھا۔

اصل خزانہ

علی ! ذرا اپنی لالٹین اُونچی کرو ، مجھے ان درختوں کے پیچھے کچھ چمکتی ہوئی آنکھیں دکھائی دے رہی ہیں ۔ حرا نے گھبرا کر کہا ۔

چیونٹیاں راستہ کیسے تلاش کرتی ہیں؟

کیا آپ نے کبھی غور کیا ہے کہ چیونٹیاں خوراک کی تلاش میں اپنے بل سے نکلتی ہیں اور پھر بغیر بھٹکے واپس بھی پہنچ جاتی ہیں؟

آؤ بچو ، سنو کہانی!

آؤ بچّو ، سنو کہانی،ایک تھا راجا ایک تھی رانی

نصیحت آموز باتیں

٭…اپنی عزت خود اپنے کردار سے بناؤ۔