آج کا دن
![آج کا دن](https://dunya.com.pk/news/special_feature/specialFeature_img/27361_17236931.jpg)
اسپیشل فیچر
بھارتی دراندازی
26فروری2019ء کو بھارت نے پاکستان کی خودمختاری اور سالمیت پر حملہ کرتے ہوئے در اندازی کی اور رات کے اندھیرے میں بالاکوٹ کے ایک مقام پر جہاز کا ''پے لوڈ‘‘ پھینک کر فرار ہو گیا۔ بھارت نے پاکستان پر سرجیکل سٹرائیک کا شور مچایا۔ پاکستان نے دنیا کو اس من گھڑت سرجیکل سٹرائیک کی حقیقت سے آگاہ کیا اور بتایا کہ بھارت نے ہمارے چند درختوں کو نقصان پہنچایا ہے۔27فروری کو پاکستان نے بھارت کو سرپرائز دیتے ہوئے جوابی کارروائی کی اور اس کے دو جہاز مار گرائے۔ بھارتی ائیر فورس کا ایک پائلٹ گرفتار کیاگیا جسے جذبہ خیرسگالی کے تحت بھارت کو واپس کر دیا گیا۔
دنیا کاپہلا ویب براؤزر
1991ء میں ٹم برنرز لی نے پہلا ویب براؤزر متعارف کرایا۔ ویب براؤزر ایسا سوفٹ ویئر ہوتا ہے جو انٹرنیٹ پر موجود تصاویر اور دیگر معلومات آپ تک پہنچاتا ہے۔ جو بھی معلومات انٹرنیٹ یا کسی بھی لوکل ایریا نیٹ ورک پر موجود ہوتی ہیں وہ براؤزر انٹرنیٹ سے ڈی کوڈ کرتے ہوئے آپ تک پہنچاتا ہے۔ جدید دور میںبراؤزر کی سب سے کامیاب مثال ہمیں گوگل کروم کی صورت میں نظر آتی ہے۔
سلطنت عثمانیہ کا زوال
26 فروری 1925ء کو جنگ کریمیا کے بعد عثمانی سلطنت کا زوال شروع ہو ا۔ اسی زوال سے الجھتے ہوئے سلطنت نے قرضوں کی ادائیگی بند کر دی۔ قرضوں کے محصولات کی ادائیگی کیلئے سلطنت عثمانیہ نے تین بینکوں پر مشتمل ایک کمیٹی بنائی جس کا نام '' رجی‘‘ رکھا گیا۔محصولات اکٹھے کرنے کی ذمہ داری بھی اسی کمیٹی کو سونپی گئی۔ قیام جمہورت کے بعد اس کمیٹی کو ختم کر دیا گیا ۔
لزبن میں خوفناک زلزلہ
26فروری1531ء کو لزبن جو اس وقت پرتگالی سلطنت کے زیر انتظام تھا میں صبح5بجے کے قریب ایک خوفناک زلزلہ آیا۔زلزلے کی شدت کے متعلق وثوق سے تو کچھ نہیں کہا جا سکتا لیکن اس کے نتیجے میں آنے والے سونامی کی وجہ سے 30ہزار سے زائد افراد لقمۂ اجل بنے۔ اس ہولناک زلزلے کو یورپی تاریخ کے بدترین زلزلوں میں شمار کیا جاتا ہے۔زلزے کے بعد کافی دن تک آفٹر شاکس بھی محسوس کئے جاتے رہے، آفٹر شاکس کی شدت نے کئی دن تک لوگوں کو خوف میں مبتلا کئے رکھا۔