ٹینس بال بنائے زندگی آسان
![ٹینس بال بنائے زندگی آسان](https://dunya.com.pk/news/special_feature/specialFeature_img/27373_59145539.jpg)
اسپیشل فیچر
آپ نے آج تک ٹینس کی گیند صرف کھیل ہی کیلئے استعمال کی ہوگی، مگر حقیقت میں یہ گیند آپ کے روز مرہ کے کئی کام آسان کرسکتی ہے۔ مثال کے طور پر ٹینس کی گیند کار پارکنگ میں آپ کی مدد کرسکتی ہے اور آپ کو میٹھی نیند سُلانے میں بھی معاون ثابت ہوسکتی ہے۔ ذیل میں ٹینس کی گیند کے چندحیرت انگیز فوائد کا ذکر کیا جارہا ہے۔ ان سے فائدہ اٹھائیں اور اپنی زندگی آسان بنائیں۔
پائوں درد کا علاج
اگر آپ کے پائوں میں درد ہے تو ٹینس کی گیند زمین پر رکھیں۔ اپنے جوتے اتاریں اور پائوں کو گیند پر رکھ کراسے گھمانا شروع کردیں۔ اس عمل سے آپ کے پائوں کو سکون ملے گا اور درد میں کمی واقع ہوگی۔
کمر درد کا علاج
اگر آپ کی کمر میں درد ہے تو ایک ٹیوب نما موزے میں چند ٹینس کی گیندیں ڈالیں اور اس کامنہ باندھ دیں۔ اب اسی موزے کو تولیے کی طرح کمر کے گرد اس طرح حرکت دیں، جس طرح آپ نہانے کے بعد کمر خشک کرتے ہیں۔درد میں افاقہ ہو گا۔
ٹول بکس
آپ ٹینس کی گیند کو ٹول بکس کے طور پر بھی استعمال کرسکتے ہیں۔ سب سے پہلے گیند پر چیرا لگائیں۔ پھر اس شگاف کو چوڑا کرنے کیلئے گیند کو دبائیں اوراس میں کچھ کیلیں ڈالیں۔ پھر گیند کو دبانا ترک کردیں، تاکہ گیند کا منہ بند ہوجائے۔ اب آپ اسے کہیں بھی ایک ٹول باکس کے طور پر استعمال کرسکتے ہیں۔ جہاں ضرورت محسوس ہوئی، گیند کو دبایا اور کیل نکال لی۔
موزے رفو کرنا
اکثر افراد سلائی میں مشکلات کی وجہ سے اپنے موزے کی ایڑی اور پنجے میں سوراخ ہونے کے بعد انہیں پھینکنے پر مجبور ہوجاتے ہیں۔ ایسے موزے کی سلائی کا آسان طریقہ یہ ہے کہ اس میں ٹینس کی گیند ڈالیں اور اسے ایڑھی اور پنجے کے پاس رکھیں۔ یوں موزے کی مطلوبہ سطح کشادہ ہوجائے گی اور آپ آسانی سے رفو بناسکیں گے۔
سائیکل سٹینڈ
ٹینس کی گیند بائی سائیکل کو متوازن رکھنے میں بھی مدد دیتی ہے۔ مثال کے طور پر اگر آپ ساحل، چکنی مٹی یا گھاس میں اپنی سائیکل کھڑی کرنا چاہتے ہیں، لیکن آپ کو خطرہ ہے کہ سائیکل کا اسٹینڈ ز زمین میں دھنس سکتا ہے تو ایسی صورت سے بچائو کے لیے اگر آپ ٹینس کی گیند میں شگاف کر کے اسے سائیکل کے اسٹینڈ میں لگادیں تو سائیکل زمین میں نہیں دھنسے گی اور متوازن رہے گی۔
بوتل کا ڈھکن کھولنا
بعض اوقات بوتل کا ڈھکن گھماکر اسے ٹھیک طرح کھولنا مشکل ہوجاتا ہے۔ اسے عمل کو آسان بنانے کیلئے ٹینس کی گیند کو دو حصّوں میں تقسیم کیجیے۔ پھر ایک حصّے کو بوتل کے ڈھکن پر رکھ کر گھمایے۔ یوں آپ بغیر کسی مشکل کے بوتل کا ڈھکن کھول سکتے ہیں۔
نرم لکڑی میں کیل ٹھونکنا
اگر آپ کسی نرم لکڑی میں کیل ٹھونکنا چاہتے ہیں اور آپ کو ہتھوڑی کی ضرب سے لکڑی ٹوٹنے کا خدشہ ہے تو ٹینس کی گیند میں چیرا لگا کر اسے ہتھوڑی کے آگے لگالیں اور کیل پر ضرب لگائیں۔ یوں، آپ کا کام آسان ہوجائے گا۔
کار پارک کرنا
گیراج میں کار پارک کرنا بھی ایک فن ہے۔ اکثر کار کے دیوار سے ٹکرانے یا غلط جگہ پارک کرنے کا خدشہ ہوتا ہے۔ اس سے بچنے کا ایک آسان حل یہ ہے کہ آپ جس جگہ کار کھڑی کرتے ہیں، وہاں چھت سے دھاگا باندھ کر گیند لٹکادیں۔ اب جب بھی آپ مقررہ جگہ پر کار لے کر آئیں گے، تو گیند اس سے ٹکرائے گی تو آپ کو پتا چل جائے گا کہ آپ نے کار درست جگہ پارک کی ہے۔
خراٹوں سے نجات
عموماً کمر کے بل سوتے ہوئے انسان زیادہ خراٹے لیتا ہے۔ خراٹوں سے بچنے کیلئے ایسے افراد ٹینس کی گیند سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ سوتے ہوئے اگر ایسے افرادکے پاجامے کی عقبی جیب میں ٹینس کی گیند رکھ دیں تو یہ گیند انہیں کمر کے بل سونے نہیں دے گی اور وہ کروٹ کے بل سونے پر مجبور ہوں گے۔ یوں آپ ان کے خراٹوں سے محفوظ رہ سکیں گے۔
٭...٭...٭