آج کا دن
![آج کا دن](https://dunya.com.pk/news/special_feature/specialFeature_img/27375_29333707.jpg)
اسپیشل فیچر
سوئس نہرتنازع حل ہوا
1882ء میں برطانیہ نے مصر پر قبضہ کر کے نہر سوئس کو اپنے کنٹرل میں لے لیا تھا۔یہ عمل یورپی ممالک کیلئے بہت پریشان کن تھا جس کی وجہ سے یورپی ایوانوں میں بے چینی بڑھی اور صورتحال دن بدن خراب ہوتی چلی گئی۔ اس صورتحال کو قابو کرنے کیلئے 2مارچ 1988ء کو استنبول میں ایک کانفرنس کا انعقاد ہوا جس میں یورپی ممالک نے شرکت کی۔اس کانفرس کے اختتام پر یہ فیصلہ ہوا کہ تمام ممالک اس نہر کو بلا معاوضہ ایک گزرگاہ کے طور پر استعمال کریں گے۔
نیلسن منڈیلاکی فتح
02مارچ 1990ء کا دن افریقہ کی تاریخ میں بہت اہمیت رکھتا ہے کیونکہ اس روز افریقہ کے عظیم رہنما نیلسن منڈیلا نے افریقن نیشنل کانگریس کے صدر کا انتخاب جیتا تھااور وہ 1999ء تک اس عہدے پر فائز رہے۔1994ء میں نیلسن منڈیلا کو افریقی عوام نے اپنا صدر منتخب کیا۔ انہیں دنیا کے عظیم لیڈروں میں شمار کیا جاتا ہے۔ نیلسن منڈیلا نے ساری زندگی، نسل پرستی، غربت، ظلم اور عدم مساواتی نظام کے خلاف اعلان جنگ کئے رکھا۔ انہوںنے افریقہ کے اس طبقے کے حقوق کی لڑائی لڑی جو کئی صدیوں سے ظلم و بربریت کا شکار تھا۔
بلوچ ثقافت کا عالمی دن
آج پاکستان سمیت دنیا بھر میں بلوچ ثقافت کا عالمی دن منایا جا رہا ہے۔ کسی بھی قوم یا معاشرے میں موجود رسم و رواج اور اقدار کو ثقافت کہا جاتا ہے۔ بلوچوں میں بہادری اور شجاعت کا عنصر بھی پایا جاتا ہے اور ان کے رسم و رواج میں عرب کی رسومات بھی شامل ہیں۔ بلوچ ثقافت میں ان کے مخصوس لباس کو بھی بہت اہمیت حاصل ہے۔گھیرے والی شلوار، پگڑی اور چووٹ بلوچی ثقافت میں نمایاں حیثیت رکھتی ہیں۔بلوچی رقص بھی ان کی ثقافت کا اہم حصہ ہے کسی بھی خوشی کے موقع پر اس رقص کے بغیر تقریب کو ادھورا سمجھا جاتا ہے۔ پاکستان سمیت دنیا بھر میں بلوچی ثقافتی دن پر تقاریب کا اہتمام کیا جاتا ہے جس میں نوجوان بلوچ گیتوں کی دھنوں پر رقص بھی کرتے ہیں۔
فلم ''کنگ کانگ‘‘ کی نمائش
1933ء میں آج کے روز مشہورزمانہ فکشن فلم ''کنگ کانگ‘‘ نیویارک کے سنیما گھروں کی زینت بنی ۔کنگ کانگ کی منفرد کہانی نے ہر عمر سے تعلق رکھنے والے شخص کو متاثر کیا اور شائقین کی بہت بڑی تعداد نے اس فلم کو دیکھا۔ اس فلم کی مقبولیت آج بھی قائم ہے اور اس کی شہرت کو دیکھتے ہوئے اب تک اس فلم کے کئی حصے بن چکے ہیں۔منفرد عشقیہ کہانی پر مبنی یہ فلم زیادہ تر بچوں اور نوجوانوں میں مقبول ہے۔