رمضان کے پکوان
![رمضان کے پکوان](https://dunya.com.pk/news/special_feature/specialFeature_img/27464_89235355.jpg)
اسپیشل فیچر
ورقی سموسے
اجزاء: ایک کلو گوشت کا قیمہ، ایک کلو گھی، ایک کلو میدہ، دارچینی10 گرام، الائچی 10گرام ، مرچ ایک چائے کا چمچ، پیاز 250 گرام، ادرک، دھنیا ہر ایک کھانے کا ایک ایک چمچ، بکرے کی چربی 100 گرام۔
ترکیب: پہلے قیمہ کو گھی میں بھون کر بگھاریئے اور معمولی مصالحہ دے کر دو پیازہ پکایئے اور جوش دے کر رکھ لیجیے۔ پھر میدہ کو نمک کے پانی سے اچھی طرح گوندھیے اوربیلن سے پوریاں بنا کر سانٹھ لیجیے اورقیمہ بھر کر سموسہ کی شکل کی مروڑی دے کر سانٹھ کے گھی میں تلیے اور استعمال میں لایئے۔ بجائے دو پیازہ کے اگر پستہ وبادام اور مصری اور کشمش بھریئے تو اور بھی زیادہ مزیدار ہو جائیں گے۔ اگر نمکین چاہیے تو بجائے مصری کے میدہ میں حسب ضرورت نمک بھی ڈالیے۔ سانٹھ کا گھی اس طرح بنتا ہے کہ اگر ہوا گرم ہو تو چربی کا ایک حصہ اور گھی دو حصے اور اگر ٹھنڈی ہوا ہو تو چربی اور گھی دونوں ہم وزن ملا کر استعمال میں لاتے ہیں۔
لقمی سموسہ
اجزاء: میدہ ایک کلو، گھی آدھا کلو، قیمہ ایک کلو،مرچ سیاہ،نمک،پیاز،لہسن حسب ضرورت۔
ترکیب:میدہ میں گھی ملا کر خوب ملیے اور دودھ سے گوندھئے۔ ایک کلو قیمہ کو دو پیازہ کی طرح پکایئے۔ تیاری کے بعد مصالحہ سادہ تیار کر کے میدہ کی پوریاں بنا کر دوپارہ کر لیجیے اورآدھی پوری میں بھرکر ہر ایک پوری کے دو سموسے بنا لیجیے۔ اگر میوہ ڈالنا ہو تو قیمہ کی بجائے کشمش ثابت اخروٹ، پستہ اور بادام کو کوٹ کر کے بھر دیجیے۔
قیمے کے سموسے
اجزاء: قیمہ 250 گرام، میدہ 500 گرام، میٹھا سوڈا 2 چٹکی، اناردانہ تھوڑا سا، گھی 90 گرام، ہری مرچ چار عدد، ہرا دھنیا ،نمک حسب ضرورت۔
ترکیب:میدے کو گھی میں گوندھیں اور اس میں نمک اور سوڈا ملا دیں اور تھوڑا سا پانی بھی ملائیں مگر میدہ سخت ہونا چاہیے۔ اس کے پیڑے بنا کر بیلن سے بیل کر چھوٹی چھوٹی روٹیاں بنا لیں اور ان کو درمیان سے کاٹ لیں پھر ان کو دوہرا کر کے ان میں قیمہ بھر لیں۔ یہ سموسوں کی شکل کے بن جائیں گے۔ انہیں گھی میں تل لیں اور تناول فرمائیں۔
قیمے کے خستہ سموسے
اجزاء: میدہ سواکلو، گھی سواکلو، دودھ ایک کلو، زعفران 10 گرام،نمک30 گرام۔
ترکیب: 250 گرام میدے میں 50 گرام گھی، 10 گرام زعفران اور 20 گرام نمک ڈال کر دودھ میں گوندھیے اور روغنی روٹی بنا کر خوب باریک مل ڈالیے پھر 150 گرام گھی میں بھون کر رکھ دیجیے۔ اس کے بعد باقی میدہ نمک ملا کر دودھ میں گوندھیے اور 250 گرام گھی بھی ملا دیجیے۔ اس کے بعد پوریاں بنا کر ہر ایک میں مندرجہ بالا طریقہ سے میدہ داخل کر کے دوہرا دیجیے اور منہ بند کر دیجیے اور تل لیجیے۔ اگر میٹھے بنانے ہوں تو میدے کو بھون کر 400 گرام سفید شکر کا قوام ملا دیجیے۔ سرخ چینی بھی ملائی جا سکتی ہے۔
رمضان کا مشروب
کھجور اور دودھ
یہ ان بہترین مشروبات میں سے ایک ہے جس کا استعمال افطار کے لیے یقینی بنانا چاہیے۔ ہم چند کھجوروں کو ایک کپ ملائی والے دودھ میں بھگو کر تقریباً 12 گھنٹے کے لیے چھوڑ سکتے ہیں، پھر اس فائدہ مند اور بھرپور مشروب سے افطار شروع کریں، جو ہمیں توانائی دیتا ہے اور بلڈ شوگر کی معتدل سطح کو برقرار رکھتا ہے، جو عام طور پر روزے کے اوقات میں کم ہو جاتی ہے۔