رمضان کے خصوصی پکوان
![رمضان کے خصوصی پکوان](https://dunya.com.pk/news/special_feature/specialFeature_img/27482_74701849.jpg)
اسپیشل فیچر
چٹپٹے شامی کباب
اجزاء:گوشت آدھا کلو،چنے کی دال آدھی پیالی،ادرک دو انچ کا ٹکڑا،لہسن چھ سے آٹھ جوئے،ثابت لال مرچیں دس سے بارہ عدد، سفید زیرہ دو کھانے کے چمچ،پیاز دو عدد درمیانی، دہی دو کھانے کے چمچ، انڈے تین عدد، پسا ہوا ناریل دو کھانے کے چمچ، ہری مرچیں باریک کٹی ہوئی تین سے چار عدد، ہرادھنیا آدھی گھٹی،پودینہ آدھی گھٹی،کوکنگ آئل تلنے کیلئے
ترکیب: دال کو دھو کردوپیالی گرم پانی میں آدھے گھنٹے کیلئے بھگو کررکھ دیں۔ ناریل، ہرا دھنیا، پودینہ اور ہری مرچوں کی چٹنی پیس لیں۔پین میں دال کو (اسی پانی سمیت جس میں دال کو بھگو کر رکھا گیا تھا) ڈال کر ابالنے رکھ دیں، جب ابال آ جائے تو اوپر سے جھاگ نکال دیں۔اس دال میں گوشت، ادرک، لہسن ، لال مرچیں، زیرہ اورپیاز ڈال دیں۔ اتنی دیر پکائیں کہ گوشت اچھی طرح گل جائے اور پانی مکمل خشک ہو جائے۔ٹھنڈا کرکے پیس لیں اور اس میں دہی، انڈے اور نمک ڈال کر اچھی طرح ملا لیں۔ کباب بناتے ہوئے اس کے درمیان میں ایک چائے کا چمچ چٹنی رکھ کر بنالیں۔دس سے پندرہ منٹ کیلئے فریج میں رکھ دیں پھر فرائنگ پین میں کوکنگ آئل ڈال کردرمیانی آنچ پر تین سے چارمنٹ گرم کریں اور کبابوں کو سنہری فرائی کر لیں۔ ہری مرچوں کی چٹنی کو دہی میں ملا کر رائتہ بنالیں اور گرم گرم کبابوں کے ساتھ پیش کریں۔
گشتابے
اجزاء:بکرے کا گوشت ایک کلو، نمک حسب ذائقہ، سونٹھ (خشک ادرک) ایک چائے کاچمچ، کشمیری مرچ ایک عدد، سونفدو چائے کے چمچ،دھینا پسا ہوا ایک چائے کاچمچ، کالی مرچ پسی ہوئی ایک چائے کاچمچ،دہی آدھی پیالی، دودھ ایک پیالی، کھویا آدھی پیالی، چینی ایک چائے کا چمچ، بڑی الائچی تین سے چار عدد،پسا ہوا گرم مصالحہ ایک چائے کاچمچ،بناسپتی گھی تین کھانے کے چمچ
ترکیب: اس ڈش کو بنانے کیلئے چربی والا گوشت استعمال کیا جاتا ہے۔ گوشت کو دھو کر چھلنی میں رکھ کر اچھی طرح خشک کر لیں۔ پھر اسے چاپر میں ڈال کر اس میںکشمیری مرچ، سونٹھ، دو عدد بڑی الائچی، سونف، دھنیا اور گرم مصالحہ ڈال کر پیسیں۔پیستے ہوئے ساتھ ہی ایک کھانے کا چمچ بناسپتی گھی اور دو کھانے کے چمچ دہی کو تھوڑا تھوڑا کرکے شامل کرتے جائیں۔جب گوشت اچھی طرح پس جائے تو اس میںنمک ملا کراس کے درمیانے سائز کے کوفتے بنائیں اور اسے دس سے پندرہ منٹ کیلئے فریج میں رکھ دیں۔
دہی میں کھویا، نمک، چینی اور کالی مرچ ملا کر رکھ لیں، پین میں بناسپتی گھی کو درمیانی آنچ پر گرم کریں۔اب اس میں الائچی ڈال کر کڑکڑا لیں، پھر اس میں دہی کا مکسچر ڈال کر بھونیں۔ اس میں تھوڑا تھوڑا کرکے دودھ شامل کردیں، جب دودھ کو ابال آنے لگے تو آنچ ہلکی کرکے اس میں کوفتے ڈال دیں۔ ڈھک کر ہلکی آنچ پردم پر رکھ دیں جب دودھ خشک ہو جائے تو ہلکا سا بھون کرچولہے سے اتارلیں۔گرم گرم ڈش میں نکال کر ان مزیدار گشتابے کا لطف اٹھائیں۔