ہمارے سیارے کے ماحولیاتی نظام اور انسانی معاشرت میں پہاڑوں کے اہمیت بارے آگاہی بڑھانے کے لیے ہر سال 11 دسمبر کو پہاڑوں کا عالمی دن منایا جاتا ہے۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے 2003ء میں اس دن کو پہاڑوں کی اہمیت کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے، پہاڑوں کی بہتری کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو اجاگر کرنے اوردنیا بھر میں پہاڑی ماحولیات میں مثبت تبدیلی کی کوششوں سے منسوب کیا تھا۔ یہ دن ہر سال ایک نئے تھیم کے ساتھ منایا جاتا ہے۔ اس سال کا تھیم ہے:Mountain solutions for a sustainable future یعنی پہاڑ پائیدار مستقبل کا حل ہیں۔ پہاڑ براہ راست یا بالواسطہ طور پر ہماری زندگیوں میں بہت اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ پہاڑ زمین کی سطح کے ایک چوتھائی سے زائد رقبے پر پھیلے ہوئے ہیں اور دنیا کی آبادی کے 12 فیصد کا مسکن ہیں جبکہ بنی نوح انسان کے لیے تازہ پانی کا نصف سے زائد پہاڑوں ہی سے ملتا ہے، اور دنیا کی خوراک کا 80 فیصد فراہم کرنے والے پودوں کی 20 انواع میں سے چھ پہاڑوں سے آتی ہیں۔پہاڑ حیاتیاتی تنوع کا بیش قیمت خزانہ ہیں۔اگرچہ دنیا کے صرف 27 فیصد حصے پر پہاڑ ہیں لیکن اپنے حجم کے مقابلے میں یہ حیاتیاتی تنوع میں کہیں زیادہ کردار ادا کرتے ہیں۔ تاہم بین الحکومتی ماحولیاتی تبدیلی کے پینل (IPCC) کے مطابق پہاڑوں میں پائی جانے والے منفرد پودوں اور جانوروں کی اقسام میں سے 84 فیصد معدوم ہونے کے خطرے سے دوچارہیں۔پہاڑ دنیا کی قدرتی خوبصورتی کا اہم حصہ ہیں اور ماحولیاتی نظام میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ یہ ہوا کے بہاؤ کو متاثر کرتے ہیں، بارش کے پیٹرن کو منظم کرتے ہیں اور جانوروں اور پودوں کی انواع کا مسکن فراہم کرتے ہیں۔ پہاڑ مختلف اقتصادی سرگرمیوں جیسا کہ سیاحت، کان کنی، زراعت اور پانی کی فراہمی میں بھی خصوصی طور پر مددگار ہیں ۔آج کے دور میں بڑھتی ہوئی آبادی، ماحولیاتی آلودگی اور کلائمیٹ چینج کی وجہ سے پہاڑوں کے ایکو سسٹم خطرے میں ہیں۔ ان کی حفاظت اور تحفظ ضروری ہے تاکہ آنے والی نسلیں بھی ان کی خوبصورتی اور فوائد سے مستفید ہو سکیں۔پاکستان کیلئے یہ امر قابلِ فخر ہے کہ دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی کے ٹو اور 9ویں بلند ترین چوٹی نانگا پربت سمیت 8 ہزار میٹر سے بلند 14 چوٹیوں میں سے پانچ پاکستان میں ہیں۔ عالمی سطح پر ہر سال پانچ کروڑ سیاح پہاڑی علاقوں کا رخ کرتے ہیں جس سے 90 ارب ڈالر تک کا ریونیو حاصل ہوتا ہے تاہم اس کی قیمت پہاڑی علاقوں میں بڑھتی ہوئی آلودگی کی صورت میں چکانی پڑ رہی ہے۔ یونائیٹڈ نیشنز اکنامک اینڈ سوشل کمیشن فار ایشیا اینڈ پیسفک (UNESCP) کی رپورٹ ''پاکستان میں پہاڑی سیاحت کے ماحولیاتی اثرات‘‘ کے مطابق کوہ ہندو کش اور قراقرم کے پہاڑی سلسلوں میں آلودگی کی سطح درمیانی جبکہ ہمالیہ میں بلند ہے۔دنیا کی 9 ویں بلند ترین چوٹی نانگا پربت کو جانے و الے تین راستو ں میں سے کنشوفر رُوٹ پرکوہ پیماؤں کے استعمال میں رہنے والی اشیا، پلاسٹک بیگز، پیک فوڈ کی باقیات اور شیٹس وغیرہ کی سطح بہت بلند جبکہ روپال روٹ پر یہ آلودگی مزید زیاد ہ ہے۔ گلوبل وارمنگ بھی پہاڑی سیاحت کی صنعت کو متاثر کررہی ہے۔ جنگلات کا کٹاؤ بھی پہاڑوں کے لیے بہت بڑا خطرہ ہے۔ پاکستان کی بات کی جائے تو جنگلات کی کٹائی میں آنے والی تیزی کا اندازہ اس سے لگایا جاسکتا ہے کہ بعض پہاڑی علاقوں میں جنگلات کا اوسط فاصلہ دو کلومیٹر تک بڑھ چکا ہے جو 10سال پہلے ڈیڑھ کلومیٹر تھا۔ انٹرنیشنل جرنل آف ایگریکلچر اینڈ بائیولوجی کی ایک تحقیق کے مطابق خیبر پختونخوا کے سب سے زیادہ پہاڑی جنگلات والے دو اضلاع (نوشہرہ اور سوات) کے دیہاتوں میں کی گئی ایک تحقیق کے مطابق اوسطاً آٹھ میں سے چھ دیہات میں بجلی اور ایل پی جی ہونے کے باوجود ان کے مہنگا ہونے کی وجہ سے مقامی آبادی گھروں کو گرم رکھنے اور کھانا پکانے کیلئے ان کا کم استعمال کرتی ہے اور 73 فیصد افراد کا کہنا ہے کہ علاقے میں گھروں کی تعمیر اور مرمت میں جنگلات کی لکڑی کا استعمال بہت زیادہ ہے۔40فیصد افراد کا خیال ہے کہ مقامی آبادی کی جانب سے لکڑی کے غیر قانو نی کٹاؤ میں اضافہ ہوا ہے جبکہ 79 فیصد افراد جنگلات کے غیر قانونی کٹاؤکا ذمہ دار محکمہ جنگلات کو تصور کرتے ہیں۔جیسے جیسے عالمی درجہ حرارت میں اضافہ ہوتا جارہا ہے گلیشیئر پگھلنے کی شرح میں اضافہ ہورہاہے جو نیچے کی جانب پانی کے بہاؤ اور مقدار کو متاثر کر رہا ہے۔پاکستان میں مجموعی طور پر سات ہزار کے قریب گلشیئرز ہیں۔ ماحولیاتی تبدیلیوں کے نتیجے میں برف کے ان تودوں کے پگھلنے کا عمل تیز تر ہو رہا ہے۔ پگھلتے گلیشئرز اچانک ٹوٹ جائیں تو پہاڑوں سے نیچے آتے پانی کا بہاؤ اتنا شدید ہو جاتا ہے کہ جو کچھ راستے میں آتا ہے بہہ جاتا ہے۔گلگت بلتستان کے علاقے میں درجنوں گلیشئرز پگھلنے کی وجہ سے ہزاروں جھیلیں وجود میں آ چکی ہیں اور ان میں سے بہت سی جھیلیں ایسی ہیں جو سیلاب کا باعث بنتی رہتی ہیں۔اہم معلومات٭اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے 2003ء میں پہاڑوں کی اہمیت پر اس دن کو منسوب کیا تھا۔٭پہاڑ زمین کی ایک چوتھائی سے زائد رقبے پر پھیلے ہوئے ہیں۔٭بنی نوح انسان کیلئے تازہ پانی کا نصف سے زائد پہاڑوں سے ملتا ہے۔٭پہاڑ دنیا کے 27 فیصد حصہ پر ہیں۔٭دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی K-2 اور نانگا پربت سمیت 8 ہزار میٹر سے زائد بلند5 چوٹیاں پاکستان میں ہیں۔