آج کا دن

آج کا دن

اسپیشل فیچر

تحریر :


یوم ِ الحاق پاکستان
19جولائی کو دنیا بھر میں موجود کشمیری ''یوم الحاق پاکستان‘‘ کے طور پر مناتے ہیں۔19 جولائی 1947ء کو عوام کی نمائندہ جماعت آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے پلیٹ فارم پر سرینگر میں منعقدہ اجلاس میں '' الحاق پاکستان‘‘ کی قرار داد منظور کی گئی تھی۔پاکستان سے محبت کے جرم میں کشمیریوں کو نا صرف غلامی کی زنجیروں میں قید کیا گیا بلکہ قابض فوج نے ان پر مظالم کا کبھی نا تھمنے والے دور کا آغاز کیا۔ کشمیریوں کی لازوال قربانیوں کی جو داستان 1947ء میں شروع ہوئی تھی وہ آج بھی نہ صرف جار ی ہے بلکہ10 لاکھ بھارتی فوج کی درندگی اور سفاکیت کشمیریوں کے عزم کو توڑنے میں ناکام رہی ہے ۔
فارمیلس کی جنگ
1916ء پہلی جنگ عظیم کے دوران فرومیلز کی جنگ (Battle of Fromelles) لڑی گئی، جو سوم کی بڑی جنگ کا حصہ تھی۔ اس معرکے میں برطانوی اور آسٹریلوی افواج نے جرمن فوج کی مضبوط خندقوں پر بھرپور حملہ کیا تاکہ دشمن کی دفاعی لائن کو توڑا جا سکے۔ تاہم جرمن مزاحمت انتہائی سخت ثابت ہوئی، جس کے نتیجے میں اتحادی افواج کو بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑا۔ یہ جنگ آسٹریلیا کی فوجی تاریخ کے خونریز دنوں میں شمار کی جاتی ہے۔
فضائی حادثہ
19جولائی1967ء کو امریکی ریاست نارتھ کیرولائنا میں پیڈمونٹ ایئرلائنز کی پرواز 22 کا بوئنگ 727 طیارہ ایک دو انجنوں والے سیسنا 310 طیارے سے فضا میں ٹکرا گیا۔ اس ہولناک تصادم کے نتیجے میں دونوں طیارے مکمل طور پر تباہ ہو گئے اور ان میں سوار تمام مسافر اور عملے کے ارکان جان کی بازی ہار گئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں امریکی وزیر دفاع رابرٹ میک نامارا کے مشیر جان ٹی میک ناٹن بھی شامل تھے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں
 ناسا کا نیا منصوبہ

ناسا کا نیا منصوبہ

چاند پر جوہری خلائی گاڑی بھیجنے کی تیاریانسان نے گزشتہ چند دہائیوں میں خلائی تحقیق کے میدان میں حیرت انگیز کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ ایک زمانہ تھا جب چاند پر قدم رکھنا ہی انسان کا سب سے بڑا خواب سمجھا جاتا تھا، مگر آج خلائی ادارے نہ صرف دوبارہ چاند پر مستقل موجودگی قائم کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں بلکہ مریخ اور اس سے بھی دور اجرامِ فلکی تک رسائی کیلئے جدید ترین ٹیکنالوجی تیار کر رہے ہیں۔ انہی کوششوں کے تسلسل میں امریکی خلائی ادارہ ناسا ایک ایسے منصوبے پر غور کر رہا ہے جس کے تحت جوہری توانائی سے چلنے والے مریخ طرز کی خلائی گاڑی کو چاند پر بھیجا جا سکتا ہے۔ اگر یہ منصوبہ عملی شکل اختیار کرتا ہے تو یہ مستقبل کی خلائی مہمات کیلئے ایک اہم سنگ میل ثابت ہو سکتا ہے۔''روور‘‘ دراصل ایک خودکار روبوٹک گاڑی ہوتی ہے جو کسی سیارے یا چاند کی سطح پر چلتے ہوئے تصاویر حاصل کرتی، مٹی اور چٹانوں کا تجزیہ کرتی، ماحول کا مشاہدہ کرتی اور قیمتی سائنسی معلومات زمین پر بھیجتی ہے۔ ناسا نے گزشتہ برسوں میں مریخ پر متعدد کامیاب خلائی گاڑیاں بھیجی ہیں، جن میں اسپرٹ، آپرچیونٹی، کیوریاسٹی اور پرسیویئرنس نمایاں ہیں۔ ان مشنز نے مریخ کے بارے میں انسانی علم میں بے پناہ اضافہ کیا اور اس امکان کو تقویت دی کہ ماضی میں وہاں پانی اور زندگی کیلئے سازگار حالات موجود رہے ہوں گے۔اب سائنس دان اسی تجربے کو چاند پر بھی آزمانا چاہتے ہیں، لیکن اس مرتبہ خلائی گاڑی کو جوہری توانائی سے چلانے کی تجویز زیر غور ہے۔ عام طور پر خلائی گاڑیاں شمسی توانائی پر انحصار کرتی ہیں، مگر چاند پر تقریباً چودہ دن طویل رات ہوتی ہے، جس کے دوران سورج کی روشنی دستیاب نہیں رہتی۔ ایسے حالات میں صرف شمسی پینل کافی ثابت نہیں ہوتے۔ جوہری توانائی پر مبنی نظام روور کو مسلسل توانائی فراہم کر سکتا ہے، جس کی بدولت وہ شدید سردی، تاریکی اور دشوار ماحول میں بھی کئی برس تک اپنا کام جاری رکھ سکتا ہے۔ماہرین کے مطابق اس منصوبے کا بنیادی مقصد صرف چاند کی سطح کا مزید تفصیلی مطالعہ نہیں بلکہ مستقبل کی طویل المدتی خلائی مہمات کیلئے نئی ٹیکنالوجی کا عملی امتحان بھی ہے۔ آنے والے برسوں میں اگر انسان چاند پر مستقل تحقیقی مراکز یا رہائشی اسٹیشن قائم کرنا چاہتا ہے تو اسے ایسے خودکار آلات کی ضرورت ہوگی جو انسانی موجودگی کے بغیر بھی مسلسل کام کرتے رہیں۔ جوہری توانائی سے چلنے والا روور اسی سمت میں ایک اہم قدم ثابت ہو سکتا ہے۔سائنس دانوں کی خاص دلچسپی چاند کے جنوبی قطب میں ہے، جہاں مستقل سائے میں رہنے والے بعض گڑھوں میں برف کی موجودگی کے شواہد ملے ہیں۔ اگر وہاں واقعی پانی کی برف موجود ہے تو اسے پینے کے پانی، آکسیجن کی تیاری اور ہائیڈروجن ایندھن بنانے کیلئے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ مستقبل کی زیادہ تر خلائی مہمات کا مرکز یہی علاقہ بن رہا ہے، اور ایک جدید خلائی گاڑی ان وسائل کی بہتر انداز میں نشاندہی کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔یہ منصوبہ مریخ پر انسانی مشن کی تیاری میں بھی مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔ چاند زمین کے مقابلے میں زیادہ قریب ہے، اس لیے نئی ٹیکنالوجی کو پہلے وہاں آزمانا نسبتاً محفوظ اور کم خرچ سمجھا جاتا ہے۔ اگر جوہری توانائی سے چلنے والا روور چاند کے سخت ماحول میں کامیابی سے کام کرتا ہے تو اسی طرز کی ٹیکنالوجی مستقبل میں مریخ، مشتری کے برفیلے چاندوں اور دیگر دور دراز خلائی مشنز میں بھی استعمال کی جا سکتی ہے۔البتہ اس منصوبے کے ساتھ بعض چیلنجز بھی وابستہ ہیں۔ جوہری توانائی کا خلائی استعمال انتہائی احتیاط کا تقاضا کرتا ہے۔ سائنس دانوں کو اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ راکٹ کی لانچنگ سے لے کر مشن کی تکمیل تک تابکار مواد مکمل طور پر محفوظ رہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ماحول یا انسانی جانوں کیلئے خطرہ پیدا نہ ہو۔ یہی وجہ ہے کہ ایسے منصوبوں میں کئی برس تک تحقیق، آزمائش اور حفاظتی جائزے کیے جاتے ہیں۔آج خلائی تحقیق صرف سائنسی جستجو تک محدود نہیں رہی بلکہ یہ عالمی معیشت، ٹیکنالوجی، مواصلات، مصنوعی ذہانت اور توانائی کے شعبوں سے بھی گہرا تعلق رکھتی ہے۔ امریکہ، چین، یورپ، بھارت اور دیگر ممالک چاند اور مریخ سے متعلق اپنے اپنے پروگراموں کو تیزی سے آگے بڑھا رہے ہیں۔ اس نئی خلائی دوڑ میں کامیابی صرف تکنیکی برتری ہی نہیں بلکہ مستقبل کے سائنسی اور معاشی امکانات پر بھی اثرانداز ہو سکتی ہے۔اگر ناسا کا یہ منصوبہ کامیاب ہوتا ہے تو جوہری توانائی سے چلنے والی خلائی گاڑی صرف چاند کی نئی حقیقتوں سے پردہ نہیں اٹھائے گی بلکہ انسان کی بین السیاراتی مہمات کی بنیاد بھی مزید مضبوط کرے گی۔ ممکن ہے کہ آنے والی دہائیوں میں یہی ٹیکنالوجی انسان کو مریخ پر مستقل موجودگی قائم کرنے، خلائی وسائل سے فائدہ اٹھانے اور نظامِ شمسی کے دیگر مقامات تک رسائی میں مدد دے۔ یوں یہ منصوبہ محض ایک خلائی گاڑی بھیجنے کی کوشش نہیں بلکہ انسانی تاریخ کے اگلے خلائی باب کی تیاری بھی ہے، جس کے اثرات آنے والی نسلوں تک محسوس کیے جا سکتے ہیں۔

جسم پر درجنوں بائنڈر کلپس  لگا نے کا عالمی ریکارڈ

جسم پر درجنوں بائنڈر کلپس لگا نے کا عالمی ریکارڈ

انسانی تاریخ ایسے افراد کے حیرت انگیز کارناموں سے بھری پڑی ہے جنہوں نے اپنی غیرمعمولی صلاحیت، عزم اور منفرد سوچ کے ذریعے دنیا کو حیران کر دیا۔ کوئی بلند ترین چوٹی سر کرتا ہے، کوئی رفتار یا طاقت کا نیا ریکارڈ قائم کرتا ہے، جبکہ بعض لوگ روزمرہ استعمال کی عام اشیاء کو بھی غیرمعمولی کارنامے کا ذریعہ بنا دیتے ہیں۔ ایک امریکی شہری نے بظاہر معمولی نظر آنے والی بائنڈر کلپس کو اپنی منفرد مہارت کا وسیلہ بناتے ہوئے جسم پر درجنوں کلپس لگا کر عالمی ریکارڈ قائم کیا۔ یہ انوکھا کارنامہ نہ صرف حاضرین کیلئے حیرت کا باعث بنا بلکہ اس نے یہ بھی ثابت کیا کہ غیرروایتی خیالات، مستقل مزاجی اور تخلیقی انداز انسان کو عالمی شہرت اور منفرد اعزازات سے ہمکنار کر سکتے ہیں۔عام طور پر بائنڈر کلپ میں انگلی پھنس جائے تو شدید تکلیف محسوس ہوتی ہے، لیکن کچھ لوگوں کیلئے یہی تکلیف ایک طویل عرصے سے دیکھے گئے گنیز ورلڈ ریکارڈ کے خواب کو حقیقت میں بدلنے کا ذریعہ بن جاتی ہے۔ امریکہ سے تعلق رکھنے والے رابرٹ فریڈرک کے ساتھ بھی کچھ ایسا ہی ہوا۔ انہوں نے جسم پر سب سے زیادہ بائنڈر کلپس لگوانے کا گنیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔ تکلیف کو برداشت کرتے ہوئے رابرٹ ثابت قدمی سے کھڑے رہے، جبکہ ان کے دوست نے ان کے جسم پر مجموعی طور پر 58 بائنڈر کلپس لگا دیں۔رابرٹ نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں ہمیشہ سے سمجھتا تھا کہ گنیز ورلڈ ریکارڈ کا باضابطہ اعزاز حاصل کرنا دنیا کی سب سے شاندار بات ہوگی۔ بلاشبہ، اپنے دیرینہ خواب کو حقیقت کا روپ دینے پر وہ بے حد مسرور اور پرجوش تھے۔شدید تکلیف کے باوجود رابرٹ کا کہنا تھا کہ وہ اس عالمی ریکارڈ کو اپنی ذاتی کامیابی کے طور پر حاصل کرنے کیلئے پُرعزم تھے، اگرچہ اس منفرد کوشش میں انہیں اپنے دوستوں کی بھرپور مدد بھی حاصل رہی۔ اپنے دوستوں نکولس مِل سیپ اور میتھیو الگینالڈو کے ہمراہ رابرٹ ہفتے کے روز امریکی ریاست نیواڈا کے شہر لاس ویگاس میں واقع لیفٹیننٹ ایرک لوئیڈ میموریل پارک پہنچے، جہاں انہوں نے جسم پر سب سے زیادہ بائنڈر کلپس لگوانے کے عالمی ریکارڈ کی کوشش کی۔ تینوں دوستوں نے پوری منصوبہ بندی اور احتیاط کے ساتھ اس منفرد چیلنج کو مکمل کیا، جس کے نتیجے میں رابرٹ ایک نئے گنیز ورلڈ ریکارڈ کے حامل بن گئے۔رابرٹ نے اپنی ریکارڈ کوشش کیلئے عام استعمال ہونے والی بائنڈر کلپس استعمال کیں۔ انہوں نے گنیز ورلڈ ریکارڈز کے ان قواعد و ضوابط کی مکمل پابندی کی، جن کے مطابق ریکارڈ بنانے کیلئے ایسی چیز استعمال کرنا ضروری تھا جو عام طور پر ہر شخص کو آسانی سے دستیاب ہو۔ اس مقصد کیلئے انہوں نے ایک انچ (2.5 سینٹی میٹر) سائز کی سیاہ رنگ کی بائنڈر کلپس کے 48، 48 کلپس والے دو پیکٹ استعمال کیے۔آخرکار پارک کی بنچوں کے قریب مناسب جگہ ملنے پر رابرٹ نے اپنی ریکارڈ کوشش کی تیاری شروع کر دی۔ انہوں نے چند منٹ تک خود کو جسمانی اور ذہنی طور پر اس تکلیف دہ آزمائش کیلئے تیار کیا، کیونکہ انہیں معلوم تھا کہ عالمی ریکارڈ قائم کرنے کیلئے انہیں شدید چبھن اور درد کو خندہ پیشانی سے برداشت کرنا ہوگا۔

نصابی پرندے اور جانور

نصابی پرندے اور جانور

ہمارے بچپن کی طرح ہمارے بہت سے نصابی پرندے اور جانور بھی ماضی کا حصہ بن چکے ہیں۔ آئیے انھیں تلاش کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ بلبل کا بچہ سکول جاتے ہی ہر بچے کی بلبل کے بچے سے شناسائی ضرور ہوجا تی تھی ۔اس کی خوراک صرف پانی اور کھچڑی تھی۔ شاعر نے ایسے شریف النفس بچے کو اڑاکر اچھا نہیں کیا ۔سوال یہ ہے کہ اڑائے جانے پر وہ واپس نہیں آیا تو کہاں گیا ؟۔مرگیا ہو یا بیرون ملک چلا گیاہو۔ اگر زندہ ہوا تو یقینا دادا پردادا ہوگا اور اس درخت کو یاد کرتا ہوگا جہاں اکیلا بیٹھا کرتا تھا ۔ادھر شعرا کے ہاں بلبل کے مذکر یا مونث ہونے پر خوب لے دے ہوئی۔ایک شاعراسے He جبکہ بہت سے شعرا اسے She ثابت کرنے پر بضد ہیں ۔ایک راوی کے مطابق جب بلبل کے بچے کو اڑایا گیا تو وہ غریب الوطنی کے عالم میں چیچہ وطنی کے جنگلات میں آ گیا۔ جہاں ایک رات اسے ایک نصابی جگنو نے اپنی روشنی کے ذریعے گھر تک پہنچایا تھا۔بعد ازاں حیدر علی آتش عندلیب کو مل کر آہ و زاریاں کرنے کی دعوت بھی دیتا رہا مگر قمر جلالوی کی اس خبر پر کہ صیاد و باغباں میں ملاقات ہو چکی ہے ، بلبل نے آنسو بہا بہا کر باغ چھوڑکراپنی خیر منائی۔ پیاسا کوا جگاڑ لگا کر پانی پینے والے کوے کو کون نہیں جانتا؟۔کچھ مورخین اس واقعہ کی صحت پر سوال اٹھاتے ہیں کیونکہ علاقے اور باغ کا محل وقوع متعین ہے نہ واقعہ کا دور واضح ہے ۔کنکریوں کے ذکر سے قیاس ہے کہ کوئی پہاڑی علاقہ ہو سکتا ہے۔ ایک اور روایت کے مطابق وہی سیانا کوا بعد میں لومڑی کی خوشامد سے اپنے منہ کا نوالہ گرا بیٹھا۔ کچھ کوئوں کو اعزاز حاصل ہے کہ وہ جھوٹ بولنے والوں کو کاٹ لیتے ہیں اور مہمان کی آمد کی خبراہل خانہ کے کان کھا کر دیتے ہیں ۔اسی کوے کا پھوپھی زادکوا ایک بار اپنی چونچ گندھے ہوئے آٹے میں پھنسا بیٹھا تھا ۔نصابی کوے کے خاندان کے بہت سے چشم وچراغ ہنس کی چال چلنے کا شوق بھی رکھتے ہیں۔ چوہا ہمارے نصابی چوہے نے جال میں پھنسے شیر کو جالی کاٹ کر آزاد کروایا۔اس عظیم کارنامے پر کمپیوٹر کی ایک ڈیوائس کا نام '' مائوس‘‘ رکھ دیا گیا۔ سچ ہے کہ نسل بگڑتے دیر نہیں لگتی، شیر کے دل میں گھر کرنے والے چوہے کی غلیظ اولادیں انسان کے گھر میں ''بِل‘‘ کردیتی ہیں۔چوہوں کی Gen.Z تو ایسی احمق نکلی کہ گھڑی پہ چڑھ کر ناچتی ہے اور ٹھیک ایک بجنے پر دھڑام سے گر پڑتی ہے۔ تاہم چا لاک بلی کوبے بس کرنے والے ذہین چوہے بھی موجود ہیں ۔ شیر ہمارا نصابی شیر سیاسی شیر کے برعکس کافی دبدبے کا حامل تھا۔ لوگ اس کے نام سے ایک دوسرے کو ڈرایا کرتے تھے ۔شوخا چرواہا تو روز ہی شیر آنے کا ناٹک کرتاتھا جس کا شیر کو علم ہوگیا اور وہ سچ مچ آ گیا۔ شعرا کے ہاں تو شیر کی آمد سے رن کانپ اٹھتا تھا آخر بلی کا بھانجا جو ہوا۔کچھوا اور خرگوش نصاب میں ایک لمبے عرصے تک کچھوے اور خرگوش کا راج رہا ۔کچھوے کی طبعی عمر چالیس سال تک ہوسکتی ہے جبکہ خرگوش دس سال تک جی سکتا ہے۔یوں خرگوش کچھوے سے بہت پہلے دنیا سے گزر گیا ہوگا ،مگر دونوں کے قوم پر گہرے اثرات مرتب ہوئے۔قوم نے اپنے جملہ فرائض کچھوے اور باقی معاملات خرگوش کی رفتار سے طے کرنے کا عہد کرلیا ۔لالچی کتا قصاب کی دکان سے گوشت چوری کرنے والا چور کتا لالچی بھی تھا ۔تاہم ناقدین اسے من گھڑت قصہ کہتے ہیں ورنہ کتے کے گائوں، نہر ، پل اور کتے کی نسل کے بارے میں بھی کچھ وضاحت ضرورہوتی۔اصلاح پسندوں کے مطابق کتا اگر نہ بھونکا ہوتا تو گوشت سے محروم نہ ہوتا ۔ بھلے پطرس بخاری کتوں کو اچھا نہیں سمجھتا تھا مگر ''عرفی‘‘ کو آوازِ سگاں پرکوئی اعتراض نہ تھا۔ لومڑی نصاب میں لومڑی کو ہمیشہ ہی ولن دکھایا گیا ہے ۔لومڑی کے بارے میں راوی اس کا آبائی وطن لکھنا بھول گیا ۔تاہم قیاس ہے کہ انگوروں والی لومڑی '' چمن‘‘ کے علاقہ سے تعلق رکھتی ہوگی ۔پر آج لومڑی انگور کھٹے ہیں کی بجائے انگور مہنگے ہیں کا بہانہ بناتی ہے ۔ایک شاعر کی نصابی گلہری تو پہاڑ سے ٹکرانے کی جرات رکھتی تھی ۔مگر آج اس گلہری کی نسل بد نے کسانوں اور باغبانوں کے ناک میں دم کررکھا ہے ۔ گائے اور بکری ہماری نصابی بکری سراپا ناشکری تھی جبکہ گائے شکر گزار فطرت کی مالک تھی ۔ادھر چار نصابی بیلوں کا اتفاق مثالی تھا ۔جب پھوٹ پڑی تو قسمت بھی پھوٹ چلی ۔ان کے دور کے رشتے داروں کی بڑی کھیپ آج بھی موجود ہے جن میں کولہو کے بیل بھی شامل ہیں ۔ عقاب عقاب باقاعدہ نصابی پرندہ تو نہیں تھا مگر شاعر نے اسے ہمارے ہر نصاب میں گُھسا دیا۔ شاہین (عقاب) غیرتمند اور جفا کش پرندہ تھا مگر اس کے پوتوں پڑپوتوں کی عقابی روح پرواز کر چکی ہے۔انھوں نے پہاڑوں کی چٹانوں کی بجائے قصر سلطانی اور عشرت کدوں میں بسیرا کررکھا ہے۔ اب ان کا اور کرگس کا جہاں ایک ہوچکا ہے۔ ڈھیر سارے شاہین اپنے جام ِ سفال توڑ کر امریکہ و یورپ کو اڑگئے ہیں ۔ مرغی ہماری مشکوک نصابی مرغی پر اس کے لالچی مالک کو سونے کے انڈے کا شک تھا جو مرغی کی مرگ ِ مفاجات پر منتج ہوا۔بعد ازاں ،آنجہانی کی نسل کے ساتھ ساتھ بریلر اور لئیر اقسام بھی منصہ شہود پر آ کر انسان کی کھابہ گیری کی ضامن بنیں۔ البتہ مرغوں کی ایک لڑاکا نسل فن پہلوانی میں اپنا سکہ منوا رہی ہے ۔ گدھا ہمارا نصابی گدھا حسب ِ معمول آج بھی احمق اور مسکین ہے تاہم چائنا نے گدھوں کو درآمد کرکے ان کی اہمیت کو چار چاند لگا دئیے ہیں ۔

آج تم یاد بے حساب آئے!عبدالرحمٰن  رومانوی و میوزیکل فلموں کے مقبول اداکار (2005-1937ء)

آج تم یاد بے حساب آئے!عبدالرحمٰن رومانوی و میوزیکل فلموں کے مقبول اداکار (2005-1937ء)

٭...27 فروری 1937ء کو مشرقی ہندوستان کے پنچ گڑھ کے گاؤں میں پیدا ہوئے،پورا نام عبدالرحمن تھا۔ ٭...اداکار رحمن مشرقی پاکستان اور مغربی پاکستان میں یکساں طور پر مقبول تھے۔ ٭...وہ سب سے پہلے 1959ء میں ہدایت کار احتشام کی بنگالی فلم ''ایہہ دیش تمارامر‘‘ میں بطور ولن سامنے آئے۔ ٭...انھوں نے 1958ء سے لے کر 1970ء کے آخر تک کراچی، ڈھاکہ اور لاہور کی فلموں میں کام کیا۔ ٭...ان کی رومانوی اور میوزیکل فلمیں یادگار ثابت ہوئیں اور ان پر بڑے شاندار نغمات عکس بند کیے گئے۔ ٭...1974ء میں سسپنس فلم ''دھماکہ‘‘ میں کام کیا، جس کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ یہ فلم ابنِ صفی کے ناول سے ماخوذ تھی۔٭...متحدہ پاکستان کے دور کے اس اداکار نے 60 کی دہائی میں بطور ہدایت کار بھی کامیابیاں سمیٹیں۔ ٭... فلم ''پریت نہ جانے ریت‘‘ کی شوٹنگ کے دوران ایک حادثہ میں وہ اپنی ایک ٹانگ سے محروم ہوگئے اور انھیں مصنوعی ٹانگ لگوانا پڑی۔٭...انھوں نے بنگالی اور اردو دونوں زبانوں کی فلموں میں کام کیا۔ ٭...اداکارہ شبنم کے ساتھ ان کی جوڑی بہت پسند کی گئی۔ ٭... 1971ء میں بنگلہ دیش کے قیام کے بعد وہ ایک عرصہ پاکستان میں رہے، مگر 90 کی دہائی میں بنگلہ دیش چلے گئے تھے۔٭...بنگلہ دیش جانے کے بعد رحمن نے وہاں بنگالی فلموں میں کام کیا اور اپنی مقبولیت برقرار رکھی۔ ٭...18 جولائی 2005 ء کو طویل علالت کے بعد ان کا ڈھاکہ میں انتقال ہوا۔ ان پر عکسبند ہوئے مقبول گیت٭... یہ موسم یہ مست نظارے (درشن) ٭...تمہارے لیے اس دل میں اتنی محبت ہے ، (درشن)٭... پیار بھرے دو شرمیلے نین (چاہت)٭...ایسے وہ شرمائے(دو ساتھی) ٭... دیکھو یہ کون آ گیا (دو ساتھی) ٭...دن رات خیالوں میں (درشن)٭... چل دیے تم جو دل توڑ کر (درشن)٭... تمہارے لیے اس دل میں (درشن)٭... اچھا کیا دل نہ دیا (پیاسا)مقبول فلمیںچندا (1962)، تلاش (1963)، بہانہ (1965)، درشن (1967)،گوری (1968ء)، جہاں بجے شہنائی( 1968ء)، پیاسا (1969ء )،دوستی (1971)، چاہت (1974)، ملن(1974ء)، دو ساتھی (1975ء)، دو تصویریں(1977ء)، دوراہا (1978ء) دھماکہ(1979ء) ، تم سلامت رہو (1976ء)

آج کا دن

آج کا دن

انٹل(Intel) کا قیام 18جولائی1968ء کودنیا کی معروف ٹیکنالوجی کمپنی انٹل (Intel) کا قیام امریکی ریاست کیلیفورنیا میں عمل میں آیا۔ اس کمپنی کی بنیاد رابرٹ نوائس اور گورڈن مور نے رکھی۔ انٹل نے مائیکرو پروسیسرز، کمپیوٹر چپس اور دیگر سیمی کنڈکٹر مصنوعات کی تیاری میں نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔ آج انٹل دنیا کی صف اوّل کی ٹیکنالوجی کمپنیوں میں شمار ہوتی ہے اور کمپیوٹر انڈسٹری کی ترقی میں اس کا کردار انتہائی اہم مانا جاتا ہے۔بلدیاتی تاریخ کا بحران2013ء میں آج کے روز امریکی شہر ڈیٹرائٹ کی مقامی حکومت نے تقریباً 20 ارب ڈالر کے قرضوں کے بوجھ تلے دبنے کے بعد دیوالیہ ہونے کی درخواست عدالت میں جمع کرائی۔ یہ اقدام امریکی تاریخ میں کسی بھی بلدیاتی حکومت کی جانب سے دائر کی جانے والی سب سے بڑی میونسپل دیوالیہ پن کی درخواست تھی۔ اس مالی بحران کی بنیادی وجوہات میں ٹیکس آمدنی کا گھٹنا، صنعتی زوال اور بڑھتے ہوئے مالی واجبات شامل تھے۔سوویت فضائی حادثہ1970ء میں آج کے روز سوویت فضائیہ کا ایک انتونوف اے این22 فوجی طیارہ بحر اوقیانوس (اٹلانٹک) میں گر کر تباہ ہو گیا۔ اس المناک حادثے میں طیارے میں سوار تمام 23 افراد ہلاک ہو گئے۔ اے این22 اس وقت دنیا کے سب سے بڑے ٹربو پروپ فوجی ٹرانسپورٹ طیاروں میں شمار ہوتا تھا اور اس حادثے نے سوویت فضائیہ کیلئے ایک بڑا نقصان ثابت ہوا۔انڈونیشیا :تباہ کن قدرتی آفت18جولائی 1979ء کو انڈونیشیا کے ایلی وی رونگ (Iliwerung) آتش فشاں پر ایک بڑے لینڈ سلائیڈنگ کا واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں سمندر میں طاقتور سونامی پیدا ہوئی۔ اس آفت نے قریبی ساحلی علاقوں کو شدید نقصان پہنچایا، 530 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے جبکہ 700 سے زیادہ افراد لاپتا ہو گئے۔ یہ سانحہ انڈونیشیا کی تباہ کن قدرتی آفات میں شمار کیا جاتا ہے، جس نے ہزاروں خاندانوں کو متاثر کیا۔ برطانیہ میں بیلٹ ایکٹ کانفاذ1872ء میں آج کے روز برطانیہ میں بیلٹ ایکٹ 1872ء نافذ کیا گیا، جس کے تحت پہلی مرتبہ پارلیمانی اور بلدیاتی انتخابات میں خفیہ رائے شماری کو قانونی طور پر لازمی قرار دیا گیا۔ اس قانون سے قبل ووٹرز عموماً کھلے عام اپنا ووٹ دیتے تھے، جس کے باعث انہیں سیاسی دباؤیا انتقامی کارروائیوں کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔ خفیہ بیلٹ کے نفاذ نے ووٹ دہندگان کو آزادانہ اور بے خوف ہو کر اپنی پسند کے امیدوار کے حق میں ووٹ ڈالنے کا حق فراہم کیا۔ اس قانون کو برطانیہ میں انتخابی اصلاحات کی تاریخ کا ایک اہم سنگ میل سمجھا جاتا ہے۔ڈینٹ بلانش پہلی بار سر ہوئی1862ء میں آج کے روز الپس کے بلند ترین اور دشوار گزار پہاڑوں میں شمار ہونے والی ڈینٹ بلانش کی چوٹی پہلی مرتبہ کامیابی سے سر کی گئی۔ یہ تاریخی کارنامہ آئرش کوہ پیما لیزلی اسٹیفن، سوئس گائیڈز میلخیور اینڈرگ اور جوہان کرونِگ کے ہمراہ انجام دیا گیا۔ تقریباً 4,357 میٹر (14,295 فٹ) بلند یہ چوٹی اپنی نوکیلی ساخت، برفانی ڈھلوانوں اور دشوار راستوں کی وجہ سے کوہ پیماؤں کیلئے ہمیشہ ایک بڑا چیلنج رہی ہے۔ اس کامیاب مہم کو الپس میں کوہ پیمائی کے سنہری دور کی اہم کامیابیوں میں شمار کیا جاتا ہے۔

ہنر مند نوجوان خوشحال پاکستان

ہنر مند نوجوان خوشحال پاکستان

ہر سال 15 جولائی کو دنیا بھر میں نوجوانوں کیلئے مہارتوں کا عالمی دن(World Youth Skills Day) منایا جاتا ہے۔ اس دن کا مقصد نوجوانوں میں فنی، پیشہ ورانہ، ڈیجیٹل اور عملی مہارتوں کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے تاکہ وہ بدلتی ہوئی دنیا کے تقاضوں کے مطابق خود کو تیار کر سکیں۔ آج کے دور میں صرف ڈگری کافی نہیں بلکہ کامیابی کے لیے عملی مہارت، تخلیقی سوچ، جدید ٹیکنالوجی سے آگاہی اور مسلسل سیکھنے کا جذبہ بھی ضروری ہے۔ یہی وجہ ہے کہ دنیا کے ترقی یافتہ ممالک نوجوانوں کی مہارتوں میں سرمایہ کاری کو قومی ترقی کی بنیاد تصور کرتے ہیں۔ نوجوان سرمایہپاکستان دنیا کے ان ممالک میں شامل ہے جہاں کی آبادی میں نوجوانوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔اگر اس نوجوان آبادی کو معیاری تعلیم کے ساتھ جدید فنی اور تکنیکی مہارتیں فراہم کی جائیں تو یہ نوجوان ملکی معیشت کو مضبوط، بے روزگاری کو کم اور پاکستان کو ترقی کی نئی منزلوں تک پہنچا سکتے ہیں۔بدقسمتی سے ہمارے ہاں بہت سے نوجوان تعلیم مکمل کرنے کے باوجود عملی مہارتوں سے محروم رہتے ہیں جس کے باعث انہیں روزگار کے حصول میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس مسئلے کا حل یہ ہے کہ تعلیمی نظام کو مارکیٹ کی ضروریات سے ہم آہنگ کیا جائے اور نوجوانوں کو تعلیم کے ساتھ عملی تربیت بھی دی جائے۔ہنر ،ترقی اور خود انحصاری آج کا دور تیزی سے بدلتی ہوئی ٹیکنالوجی کا دور ہے۔ کمپیوٹر، مصنوعی ذہانت، ویب ڈویلپمنٹ، گرافک ڈیزائن، ڈیجیٹل مارکیٹنگ، ای کامرس اور فری لانسنگ جیسی مہارتیں نوجوانوں کے لیے کامیابی کے نئے دروازے کھول رہی ہیں۔ پاکستان کے ہزاروں نوجوان آن لائن خدمات فراہم کرکے نہ صرف اپنے خاندانوں کی کفالت کر رہے ہیں بلکہ ملک کے لیے قیمتی زرمبادلہ بھی کما رہے ہیں۔فنی اور تکنیکی مہارتیں نوجوانوں کو ملازمت تلاش کرنے کے ساتھ ساتھ اپنا کاروبار شروع کرنے کے قابل بھی بناتی ہیں۔ ایک ہنرمند نوجوان صرف اپنی زندگی نہیں سنوارتا بلکہ دوسروں کے لیے بھی روزگار کے مواقع پیدا کرتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ مہارتوں کو غربت اور بے روزگاری کے خاتمے کا مؤثر ذریعہ سمجھا جاتا ہے۔نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کے لیے حکومت، تعلیمی اداروں، صنعتوں، نجی شعبے اور والدین سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ ضروری ہے کہ ہر ضلع میں جدید ووکیشنل ٹریننگ سینٹرز قائم کیے جائیں، صنعتوں کی ضروریات کے مطابق تربیتی پروگرام شروع کیے جائیں، نوجوانوں کو انٹرن شپ اور اپرنٹس شپ کے مواقع فراہم کیے جائیں اور خواتین کے لیے بھی مساوی تربیتی سہولیات یقینی بنائی جائیں۔اساتذہ اور والدین کو چاہیے کہ وہ نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کریں کہ وہ صرف ڈگری حاصل کرنے پر اکتفا نہ کریں بلکہ کسی نہ کسی فنی یا ڈیجیٹل مہارت میں بھی مہارت حاصل کریں۔ اسی طرح نوجوانوں کو بھی وقت کی قدر کرتے ہوئے نئی چیزیں سیکھنے، تحقیق کرنے اور اپنی صلاحیتوں کو مسلسل نکھارنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ہنرمند نوجوان، روشن پاکستان نوجوانوں کی مہارتوں کا عالمی دن ہمیں یہ پیغام دیتا ہے کہ کسی بھی ملک کی حقیقی طاقت اس کے نوجوان ہوتے ہیں۔ پاکستان نوجوان آبادی کے اعتبار سے ایک خوش نصیب ملک ہے لیکن یہ نعمت اسی وقت قومی طاقت بن سکتی ہے جب نوجوان تعلیم کے ساتھ جدید مہارتوں سے بھی آراستہ ہوں۔ اگر حکومت، تعلیمی ادارے، نجی شعبہ اور معاشرہ مل کر نوجوانوں کی تربیت پر توجہ دیں تو پاکستان بے روزگاری میں کمی، معاشی استحکام، صنعتی ترقی اور عالمی مسابقت میں نمایاں کامیابیاں حاصل کر سکتا ہے۔ نوجوانوں کو صرف ملازمت کے امیدوار نہیں بلکہ ہنرمند، خوداعتماد، باصلاحیت اور بااختیار شہری بنایا جائے۔ یہی نوجوان مستقبل میں پاکستان کی معیشت، صنعت، زراعت، سائنس، ٹیکنالوجی اور سماجی ترقی کے معمار ثابت ہوں گے۔ ایک ہنر مند نوجوان ہی ایک مضبوط خاندان، خوشحال معاشرے اور ترقی یافتہ پاکستان کی ضمانت ہے، لہٰذا ہمیں نوجوانوں کی مہارتوں میں سرمایہ کاری کو قومی ترجیح بنانا چاہیے، کیونکہ آج کا ہنرمند نوجوان ہی کل کے روشن، مستحکم اور خوشحال پاکستان کی بنیاد ہے۔