آج کا دن
اسپیشل فیچر
غلاموں کی تجارت کے خاتمے کا دن
1791ء میں 22 اور 23 اگست کی درمیانی شب سینٹو ڈومینگو میں غلاموں کی تجارت کے خاتمے کا آغاز ہوا جو آج کل ڈومینین ری پبلک اور ہیٹی کہلاتا ہے، جس کی یاد میں ہر سال 23 اگست کے روز غلاموں کی تجارت کے خاتمے کا عالمی دن منایا جاتا ہے۔ عالمی دن منانے کا مقصد تمام انسانوں کے ذہن میں غلاموں کی تجارت ، انسانوں کو غلام بنانے کے طریقہ کار، اِس تکلیف دہ عمل کے نتائج کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا ہے۔
قمری مشن ''لونا 11‘‘
23اگست 1966ء کو سوویت یونین نے اپنے خلائی پروگرام کے تحت قمری مشن ''لونا 11‘‘ روانہ کیا۔ جس کا مقصد چاند کی سطح اور اس کے مدار کا مطالعہ کرنا تھا۔ ''لونا 11‘‘ نے چاند کے مدار میں داخل ہو کر وہاں سے تصاویر، شعاعوں اور سطحی ساخت کے بارے میں قیمتی ڈیٹا زمین پر ارسال کیا۔ یہ مشن سوویت خلائی دوڑ کی ایک اہم کڑی ثابت ہوا ۔
جنگ چالدیران: عثمانیوں کی فتح
23 اگست 1514ء کو یورپ کی تاریخ میں ایک اہم موڑ آیا جب عثمانی سلطنت اور صفوی سلطنت کے درمیان جنگ چالدیران لڑی گئی۔ عثمانی فوج نے اپنی جدید توپ خانے اور بہتر عسکری تنظیم کے باعث صفوی فوج کو شکست دی۔ اس معرکے کے نتیجے میں اناطولیہ اور مشرق وسطیٰ میں عثمانی اقتدار مزید مضبوط ہوا اور صفوی سلطنت کی وسعت کو بڑا دھچکا لگا۔
سلووینیابیلون حادثہ
2012ء میں آج کے روز سلووینیا کے دارالحکومت لبلیانا کے قریب ایک گرم ہوا کا غبارہ حادثے کا شکار ہوگیا۔ اس المناک حادثے میں چھ افراد ہلاک جبکہ 28 زخمی ہوئے۔ غبارہ لبلیانا کے نواحی دلدلی علاقے میں گر کر تباہ ہوا۔ یہ حادثہ سلووینیا کی فضائی تاریخ کے المناک واقعات میں شمار کیا جاتا ہے۔
گلف ائیر کی پروازکو حادثہ
گلف ایئر کی ''پرواز 072‘‘ 23 اگست 2000ء کو ایئر پورٹ سے 5 کلومیٹر دور خلیج فارس کے گہرے پانیوں میں گر کر تباہ ہوگئی۔ طیارے میں سوار تمام 143 افراد ہلاک ہو گئے۔فلائٹ 072 کا حادثہ بحرین کے علاقے میں ہوا بازی کا بدترین حادثہ تھا اور ایئربس A320 کا بھی سب سے مہلک حادثہ تھا۔
آرمینیا کا آزادی کا اعلان
23 اگست 1990ء کو آرمینیا نے سوویت یونین سے اپنی آزادی کا باقاعدہ اعلان کیا۔ یہ اعلان ایک تاریخی سنگ میل ثابت ہوا جس نے آزادی کی تحریک کو مضبوط بنیاد فراہم کی۔ بالآخر 21 ستمبر 1991ء کو آرمینیا نے ریفرنڈم کے ذریعے باضابطہ آزادی حاصل کی اور ایک خودمختار ریاست کے طور پر دنیا کے نقشے پر ابھرا۔
پاماسولا جیل ہنگامہ
23اگست2013ء کو بولیویا کے سانتا کروز کی ایک بہترین سکیورٹی والی جیل پاماسولا میں ہنگامہ آرائی ہوئی۔ جیل انتظامیہ کی جانب سے پروپین ٹینکوں کو شعلے پھینکنے کیلئے استعمال کیا گیا۔اس ہنگامہ آرائی میں 31 افراد ہلاک ہوئے جن میں ایک18ماہ کا بچہ بھی شامل تھاجبکہ 37افراد شدید زخمی ہوئے۔