پاکستان کو تیسرے ون ڈے میں بھی شکست ، نیوزی لینڈ کا کلین سویپ

مانٹ مونگانوئی (سپورٹس ڈیسک ) نیوزی لینڈ نے تیسرے اور آخری ون ڈے میچ میں پاکستان کو 43 رنز سے ہرا کر سیریز میں کلین سویپ مکمل کر لیا۔
بارش کے باعث تاخیر سے شروع ہونے والے میچ کو 42 اوورز تک محدود کر دیا گیا تھا۔ نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 8 وکٹوں پر 264 رنز بنائے ۔ ریس ماریو اور مائیکل بریسویل نے نصف سنچریاں سکور کیں۔ عاکف جاوید نے 4کھلاڑیوں کو ؤآٹ کیا۔ پاکستان ٹیم ہدف کے تعاقب میں 40 اوورز میں 221 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ بابر اعظم 50 رنز بنا کر نمایاں رہے ۔ بین سیئرز نے 5 وکٹیں حاصل کر کے ٹیم کی فتح میں اہم ادا کیا۔ انہیں سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ مائیکل بریسویل پلیئر آف دی میچ قرار پائے ۔ تفصیلات کے مطابق مانٹ مونگانوئی میں پاکستان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا۔ نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 42 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 264 رنز بنائے ۔ کپتان مائیکل بریسویل نے 59 اور ریس ماریو نے 58 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ دیگر بیٹرز میں ڈیرل مچل 43، ہینری نکولس 31 اور ٹم سیفرٹ 26 رنز بنا کر نمایاں رہے ۔ عاکف جاوید نے چار، نسیم شاہ نے دو جبکہ فہیم اشرف اور سفیان مقیم نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ پاکستان ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 40 اوورز میں 221 رنز بنا کر آٹ ہو گئی۔ اوپنر امام الحق اننگز کے آغاز میں ہی بال لگنے سے انجری کا شکار ہو گئے ۔ انہیں رن لینے کے دوران فیلڈر کی تھرو جبڑے پر لگی۔ وہ کنکشن ٹیسٹ پاس نہ کر سکے ۔ عبد اﷲ شفیق اور بابر اعظم نے پہلی وکٹ میں 73 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا لیکن پھر کوئی بھی بڑی شراکت قائم نہ ہو سکی۔ عبداﷲ شفیق 33 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ۔ کنکشن رولز کے تحت امام الحق کی جگہ عثمان خان بیٹنگ کے لیے آئے اور 12 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے ۔ بابر اعظم 50 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے ۔ سلمان آغا 11، کپتان محمد رضوان 37، فہیم اشرف 3، نسیم شاہ 17، محمد وسیم صفر، طیب طاہر 33 اور سفیان مقیم 2 رنز بنا کر آٹ ہوئے ۔ بین سیئرز نے مسلسل دوسری بار اننگز میں 5 وکٹیں حاصل کیں۔ جیکب ڈفی نے دو جبکہ مائیکل بریسویل، محمد عباس اور ڈیرل مچل نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔