میری ٹائم کے شعبے میں اصلاحات کی جائینگی، شہباز شریف

میری ٹائم کے شعبے میں اصلاحات کی جائینگی، شہباز شریف

اسلام آباد(نامہ نگار،اے پی پی)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے حکومت ٹاسک فورس کی سفارشات کی روشنی میں میری ٹائم کے شعبے میں اصلاحات کرے گی۔

Advertisement
0 seconds of 0 secondsVolume 0%
Press shift question mark to access a list of keyboard shortcuts
00:00
00:00
00:00
 

پیر کو میری ٹائم کے شعبے میں اصلاحات کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا ماضی میں میری ٹائم سیکٹر جمود کا شکار رہا اور آگے نہیں بڑھ سکا، اصلاحات کیلئے ٹاسک فورس بنائی گئی تھی جس نے اپنی سفارشات پیش کردی ہیں جو حکومت کیلئے ممد و معاون ثابت ہوں گی۔اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر، وفاقی وزرا خواجہ محمد آصف، احسن اقبال، اعظم نذیر تارڑ، احد خان چیمہ، جنید انور، وزیراعظم کے مشیر سید توقیر شاہ، گورنر سٹیٹ بینک اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران شریک ہوئے ۔ شہباز شریف نے کہا شعبہ توانائی کے لیے تشکیل کردہ ٹاسک فورس کی طرز پر میری ٹائم سیکٹر میں پائیدار اصلاحات کے لیے ٹاسک فورس کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا سمندر سے جڑی اکانومی میں طویل عرصے سے موجود جمود کو ختم کرنے کے لیے اصلاحات پر کام تیزی سے جاری ہے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی ملکی بندرگاہوں کو مسابقتی معیار پر لانے کے لیے تجارتی ٹیرف پر نظر ثانی کی جائے۔

انہوں نے کسٹمز کلیئرنس کے عمل میں گرین چینل کی طرز پر تیزی لانے کے لیے ریڈ اور یلو چینلز میں کلیئرنس کے دورانیے کو کم کرنے کے لیے لائحہ عمل تشکیل دینے کی ہدایت بھی کی۔انہوں نے حکم دیا کہ بندرگاہوں پر موجود کنٹینروں کی موجودگی کے دورانیے کو کم سے کم کرنے کے لیے لائحہ عمل بنایا جائے ۔ وزیراعظم نے بندرگاہوں پر موجود کنٹینروں کو جلد از جلد نیلام کرنے کی ہدایت کی تاکہ پورٹ پر موجود جگہ کا بہتر استعمال کیا جاسکے ۔وزیر اعظم نے بحری امور میں اصلاحات کے لیے بنائی گئی ٹاسک فورس کے اراکین اور دیگر سٹیک ہولڈرز کے کام کو سراہا ۔وزیر اعظم کو اس موقع پر بریفنگ میں بتایا گیا اگلے 25 سال کی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کی بحالی اور تعمیر نو کا لائحہ عمل بھی تیار کر لیا گیا ہے ، پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے نجی شعبے کو شامل کیا جائے گا۔اجلاس میں کراچی پورٹ ٹرسٹ میں تربیت یافتہ افرادی قوت شامل کرنے کے لیے حکمت عملی پیش کی گئی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں