کیٹی بندر کے اونٹوں میں پراسرار بیماری پھیل گئی، 10 ہلاک

چھان اور ڈبو کریکس میں 2 درجن سے زائد اونٹ بیماری میں مبتلا ہوچکے ہیں
اس بیماری میں اونٹوں کی سانس اچانک رک جاتی ہے اور وہ ہلاک ہو جاتے ہیںٹھٹھہ (آن لائن) ضلع ٹھٹھہ کی تحصیل کیٹی بندر کے علاقے گاڑھو میں اونٹوں میں پراسرار بیماری پھیل گئی، محکمہ لائیو اسٹاک لاعلم، دو ہفتے میں 10 اونٹ ہلاک ہوچکے ہیں، گاؤں والوں کا موقف۔ تفصیلات کے مطابق ضلع ٹھٹھہ کی تحصیل کیٹی بندر کے علاقے گاڑھو کے نزدیک چھان اور ڈبو کریکس میں اونٹوں میں پراسرار بیماری پھیل گئی ہے اور 2 درجن سے زائد اونٹ اس پراسرار بیماری میں مبتلا ہوچکے ہیں اس سلسلے میں محکمہ لائیو اسٹاک خاموش تماشائی کا کردار ادا کررہا ہے اور اس محکمے نے اونٹوں میں بیماری سے بالکل لاعلمی ظاہر کردی ہے ، اونٹ مالکان مصری جت، دھنی بخش، ابو جت اور دیگر کا موقف ہے کہ اونٹوں میں پراسرار بیماری تیزی سے پھیل رہی ہے ، اس بیماری میں اونٹوں کی سانس اچانک رک جاتی ہے اور وہ ہلاک ہو جاتے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ دو ہفتے میں 10 اونٹ اس پراسرار بیماری کی وجہ سے ہلاک ہوچکے ہیں، مگر محکمہ لائیو اسٹاک کے افسران اور وٹرنری ڈاکٹرز تک ہمارے علاقے میں نہیں آئے ۔