مجسٹریٹس کوسرکاری نرخ پر اشیا فروخت کرانے کی ہدایت

کراچی (اسٹاف رپورٹر)گراں فروشوں کے خلاف کراچی انتظامیہ کی مہم جاری ہے ۔کمشنر کراچی سید حسن نقوی کی زیر صدرات پیر کو ماہ رمضان میں انتظامیہ کی مہم کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں تمام ڈپٹی کمشنرز ایڈیشنل کمشنر ون غلام مہدی شاہ، اسسٹنٹ کمشنر ہیڈ کوارٹرز رابعہ سید، بیورو آف سپلائی کے افسران اور دیگر نے شرکت کی ۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مجسٹریٹس نرخوں پر فوڈ اسٹالز اور دکانوں پر زیادہ سے زیادہ وقت دیں گے ، اپنی نگرانی میں سرکاری نرخوں پر اشیا فروخت کرائیں گے ۔اجلاس میں سپر اسٹورز پر قائم کمشنر کراچی کاؤنٹرز کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیاگیا۔ڈپٹی کمشنر شرقی ابرار جعفر نے بتایا کہ ان کے افسران نے ضلع میں ایک سپر اسٹور پر معیار کی شکایت پر کارروائی کی ،اس پر بھاری جرمانہ کیا اور تنبیہ کی کہ وہ معیاری اشیا کی دستیابی یقینی بنانے ۔دریں اثنا کمشنر آفس سے جرمانوں کی جاری کر دہ رپورٹ کے مطابق 16ویں رمضان کو 158 گراں فروشوں کے خلاف کارروائی کی گئی،13 لاکھ 55 ہزارروپے جرمانہ عائد کیا گیاجبکہ 4کو گرفتار کیا گیا۔ مجموعی طور پر 16 ویں رمضان کو مجسٹریٹس نے 1276 دکانوں پر قیمتیں چیک کیں۔ خصوصی مجسٹریٹس نے بھی کارروائی کی۔ انہوں نے 2 لاکھ 44 ہزار رروپے جرمانہ عائد کیا ،سرکاری نرخوں پر اشیا کی دستیابی کو یقینی بنانے کیلئے افسران نے 147 مقامات پر سرکاری نرخوں پر اشیا فروخت کرائیں۔ گزشتہ 16 روز کے دوران مجموعی طور پر 2 ہزار 856 گراں فروشوں کے خلاف کارروائی کی گئی، 16 روز میں3 کروڑ 41 لاکھ 47 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا 141 گراں فروشوں کو گرفتار کیا گیا۔