
لاہور: (دنیا نیوز) لیفٹنینٹ جنرل ونود بھاٹیا کی سربراہی میں 6 رکنی بھارتی وفد کا واہگہ بارڈر پہنچنے پر ڈی جی ملٹری آپریشنز پاکستان میجر جنرل عامر ریاض نے استقبال کیا۔ ملاقات میں لائن آف کنڑول اور ورکنگ باؤنڈری پر سیز فائر معاہدے پر عمل درآمد یقینی بنانے اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات ختم ہونے کے دو گھنٹے بعد مشترکہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا جس کے مطابق کنٹرول لائن پر جنگ بندی برقرار رکھی جائے گی۔ ڈی جی ایم اوز کے درمیان ہاٹ لائن رابطوں کو بڑھانے اور مزید موثر بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ مشترکہ اعلامیے کے مطابق دونوں جانب سے ورکنگ باؤنڈری کا احترام یقینی بنایا جائے گا۔ غلطی سے سرحد پار کر جانے والوں کے بارے میں فوری اطلاع دینے اور ان کی جلد واپسی یقینی بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ دوسری جانب رینجرز ہیڈ کوارٹرز لاہور میں بارڈر سیکورٹی فورس اور رینجرز حکام کے درمیان پانچ روزہ ششماہی اجلاس شروع ہو گیا۔ بھارت کی بارڈر سیکورٹی فورس کا وفد ڈی جی بی ایس ایف سبھاش روشی کی قیادت میں لاہور پہنچا۔ پاکستان کی طرف سے ڈی جی رینجرز میجر جنرل طاہر جاوید خان قیادت کر رہے ہیں۔ پانچ روز جاری رہنے والے اجلاس میں غلطی سے سرحد پار کرنے والے واقعات، سمکلنگ، بارڈر کے آر پار تعمیرات جیسے مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
سے اہم مضامین پڑھیئے