عالمی یوم شہری دفاع کے سلسلہ میں ریلی ،تقریب
گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر)ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل فیصل سلطان نے کہا ہے کہ سول ڈیفنس کو فعال اور عوامی فلاح وبہبود کے اعتبار سے ماڈل ادارہ بنایا جائے گا اور ضلع گوجرانوالہ میں ہنگامی اور عام حالات میں عوام کی فلاح وبہبود کی مدد کیلئے بروئے کار لایا جائے گا،
شہری دفاع کے اداروں کی افادیت سے شہریوں کو آگاہ کیا جائے اور زیادہ سے زیادہ شہریوں کو فرسٹ ایڈ ،فائر فائٹنگ اور ریسکیو کی تربیت دی جائے تا کہ جنگی حالات میں ضلع کا ہر فرد اور شہری ملکی دفاع میں پیش پیش ہو ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی یوم شہری دفاع کے سلسلہ میں نکالی جانے والی ریلی کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر صاحبزادہ سجاد مسعود چشتی، میاں اکرام و اہلکاران کی بڑی تعداد موجود تھی ۔فیصل سلطان نے کہا کہ افواج پاکستان جس طرح ہماری سرحدوں کی امین ہے اسی طرح تنظیم شہری دفاع کے رضاکاران گلی محلوں اور شہروں میں موجود آبادی کی حفاظت کے امین ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ ادارے کو مزید فعال کرنے اور اس کے قیام کے مقاصد کے حصول کے لیے مستقبل کا لائحہ عمل تیار کیا جائے تا کہ قومی خدمت سے سرشار رضا کاران عوامی فلاح کے کاموں اور خدمت میں اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لا سکیں۔