ڈنگہ پھاٹک سے متصل قدیم انڈر پاس کی بحالی کا فیصلہ

گوجرانوالہ(سٹی رپورٹر)ڈنگہ پھاٹک ( ڈیوڑ ھا پھاٹک) سے متصل قدیم انڈر پاس کی بحالی کا فیصلہ کر لیا گیا۔ گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد نے ریلوے لائن کے نیچے سے گزرنے والے قدیم انڈر پاس کا معائنہ کیا۔
اہل علاقہ نے ڈپٹی کمشنر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ انڈر پاس طویل عرصہ سے کچرا ڈال کربند کردیا گیا ہے ۔ انڈر پاس کی بحالی سے ڈیوڑھا پھاٹک پر ریلوے کراسنگ کے دوران انڈر پاس فعال ہونے سے رش کا خاتمہ ہوگا اور ٹریفک کے بہائو میں بہتری سمیت موٹر سائیکل سواروں کو سہولت میسر آئیگی۔ ڈپٹی کمشنر نے انڈر پاس کو بحال کرنے کے حوالے سے اقدامات کے خصوصی احکامات متعلقہ محکموں کو جاری کردئیے اور متعلقہ محکموں سے اس حوالے سے رپورٹ بھی طلب کر لی گئی ہے ۔ اس موقع پر ڈاکٹر عمر نصیر،حافظ نعمان شمس،راشد کھوکھر،حافظ کلیم اور دیگر اہل علاقہ بھی موجود تھے ۔ ڈپٹی کمشنر نے قدیم انڈر پاس کا تفصیلی طور پر جائزہ لیا اور کہا کہ وہ اس راستے کو پہلے مرحلے میں کھولنے کیلئے صفائی کروائیں گے جس کے بعد متعلقہ محکموں کو اس کا پلان تیار کرنے کی ہدایت کی جائے گی۔