پسرور :مراکز صحت میں سروسز کی فراہمی یقینی بنانے کا حکم

سیالکوٹ (نمائندہ دنیا ، ڈسٹرکٹ رپورٹر) ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال کا تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتال پسرور کا اچانک دورہ، ڈاکٹرز اور سٹاف کی حاضری چیک کی اور ایمرجنسی۔۔۔
او پی ڈی اور وارڈز کے معائنہ کے دوران علاج کی غرض سے آئے ہوئے شہریوں اور ان کے لواحقین سے ہسپتال میں ملنے والی طبی سہولیات اور ادویات کی بابت استفسار کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت کے مطابق تمام سرکاری ہسپتالوں میں ایس او پیز کے مطابق ضروری ادویات کی دستیابی اور مریضوں کو فراہمی کی ہدایت کی گئی ہے ۔ ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنر پسرور سدرہ ستار کو ہدایت کی کہ وہ ٹی ایچ کیو سمیت پسرور کی دیہی و بنیادی مراکز صحت کا باقاعدگی سے وزٹ کریں اور سروسز کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ پسرور میں صفائی کی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے ایس ڈبلیو ایم سی کے مقامی حکام کے ہمراہ شہر کا وزٹ کریں اور اس ضمن میں سستی اور کاہلی کا مظاہرہ کرنے والے متعلقہ حکام کا سختی سے محاسبہ کیا جائے ۔ ڈپٹی کمشنر نے کیڈٹ کالج اور سپیشل ایجوکیشن سنٹر پسرور کا بھی دورہ کیا ، ڈپٹی کمشنر نے پسرور روڈ پر واقع افغان سٹیزن کیمپ کا بھی دورہ کیا اور وطن واپس بھیجنے کے حوالے مہم کا جائزہ لیا۔