زکریا یونیورسٹی،عید تعطیلات میں مافیا سرگرم،4گھروں پر قبضہ جما لیا

ملتان(خصوصی رپورٹر) زکریا یونیورسٹی میں قبضہ گروپ کی بازگشت ،چھٹیوں میں چار گھروں پر قبضہ کرلیاگیا ۔۔
تفصیل کے مطابق زکریا یونیورسٹی میں چار ملازمین نے عید کی چھٹیوں میں خالی گھروں پر قبضہ کرلیا جن میں اخترحسین مالی نے ای 59، فیاض چوہان نے ای 13 عدنان تھیہم نے ڈی 154اور شاہد وگڑ نے ڈی7پر قبضہ کیا جس پر ملازمین میں بے چینی پھیل گئی جس پر زکریا ایمپلائز گروپ بی زیڈ یونیورسٹی ملتان کے چیئرمین شاہد ریاض موتھا نے رجسٹرارکو درخواست دے دی جس میں کہاگیا ہے کہ یہ قبضہ ملازمین کے حق پر ڈاکا ڈالنے کے ساتھ ساتھ یونیورسٹی انتظامیہ کی رٹ کو چیلنج کرنے کے مترادف ہے ۔ غریب اور مستحق ملازمین کا حق کھانے کی کوشش ہے جو عرصہ دراز سے درخواست دے دے کر نا امید ہو چکے ہیں ہم امید کرتے ہیں کہ انتظامیہ آپ کی سربراہی میں انصاف کرتے ہوئے غریب ملازمین کو ان کا حق دلوائے گئی اور اس کے ساتھ ساتھ یونیورسٹی اپنی رٹ بحال کروانے میں بھی کامیاب ہو گی۔اگر انصاف نہ ہو سکا تو جس کی مرضی ہو گی وہ کسی بھی مکان پر قبضہ کرنے میں دیر نہیں کرے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ قبضہ ایمپلائز یونین کی ایماء پر کیاگیا ہے صدر ایسوسی ایشن اس وقت سکیورٹی آفیسر کے ساتھ مذاکرات میں مصروف ہیں تاہم قبضہ نہیں چھڑا گیا ہے ۔ ملازمین کا کہنا ہے کہ یونیورسٹی میں جنگل کا قانون رائج ہے اس روش کو نہ روکا گیا تو حالات مزید ابتر ہو جائیں گے۔