مارکیٹوں،دفاتر کی خصوصی صفائی مہم شروع

ملتان(وقائع نگار خصوصی،خصوصی رپورٹر )وزیر اعلیٰ پنجاب ستھرا پنجاب مہم کے تحت زیرو ویسٹ مہم میں مزید تیزی لائی گئی ہے۔۔
اس سلسلے میں بازاروں اور مارکیٹوں سمیت دفاتر میں خصوصی صفائی مہم شروع کردی گئی ۔ڈپٹی کمشنر محمد علی بخاری کی ہدایت پر تحصیل صدر میں صفائی کے حوالے سے آگاہی ریلی نکالی گئی ۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر صدر زاہد اقبال کی قیادت میں آگاہی ریلی میں ورکرز اور شہریوں نے شرکت کی۔آگاہی ریلی میں عوام کو صفائی کلچر اپنانے کے حوالے سے پیغام دیا گیا اسسٹنٹ کمشنر صدر زاہد اقبال نے کہا کہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی دیہی علاقوں میں صفائی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے ۔عید ایام میں شہر اولیاء سے 3 ہزار ٹن سے زائد کوڑا کرکٹ اٹھایا گیا۔زاہد اقبال نے کہا کہ صفائی نظام آئوٹ سورس کرنے کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔دوسری جانب ضلعی انتظامیہ ملتان کی جانب سے صحت کی سہولیات عوام کی دہلیز تک پہنچانے کیلئے مراکز صحت کی کڑی مانیٹرننگ جاری ہے اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر محمد علی بخاری نے اچانک تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال جلالپور پیر والہ کا دورہ کیا اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے طبی سہولیات کی انسپکشن کی۔ڈپٹی کمشنر نے مختلف وارڈز کا دورہ کیا اور ادویات کا سٹاک بھی چیک کیا۔محمد علی بخاری نے مریضوں سے ملاقات کی اور شکایات کا ازالہ کیا بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے رورل ہیلتھ مرکز میراں ملھہ کا بھی دورہ کیا اور طبی سہولیات کی انسپکشن کی۔