معاشی بحالی مسلم لیگ ن کی حکومت کا اولین ایجنڈا ہے: رانا تنویر حسین

لاہور: ( دنیا نیوز) وفاقی وزیر صنعت رانا تنویرحیسن نے کہا ہے کہ معاشی بحالی مسلم لیگ ن کی حکومت کا اولین ایجنڈا ہے، میاں شہباز شریف معیشت کی بحالی کے لیے کام کر رہے ہیں۔

وفاقی وزیر صنعت رانا تنویر حسین نے ایکسپو سینٹر لاہور میں نویں کلر اینڈ کیمیکل نمائش کا افتتاح کر دیا، اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مہنگائی کچھ کم ہوئی ہے، یوٹیلیٹی سٹورز بند نہیں کر رہے، ری سٹرکچرنگ کی جا رہی ہے۔

ایکسپو سینٹر پہنچنے پر نمائش کے کنوینئر عبدالرحیم چغتائی، آرگنائزر راشد الحق اور دیگر نے ان کا استقبال کیا، منتظمین نے انہیں سٹالز کا دورہ کرایا، نمائش میں چین، ملائیشیا، ترکی، ایران کی کمپنیاں اور نمائندے شرکت کر رہے ہیں۔

نمائش ایونٹ اینڈ کانفرنس انٹرنیشنل، رینبو گروپ اور پنجاب ڈائز اینڈ کیمیکل مرچنٹس ایسوسی ایشن کی جانب سے منعقد کی گئی ہے، افتتاحی تقریب میں صنعتکار الطاف اے غفار، محمد صلاح الدین، چیئرمین چائنا ڈائی اسٹفز انڈسٹری ایسوسی ایشن مسٹر شی ژیان پنگ بھی شامل تھے۔

سٹالز کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا تنویرحیسن نے کہا کہ اس وقت پاکستان کو ایکسپورٹ بڑھانے کی سخت ضرورت ہے، یہ والیم صرف تیس بلین ڈالر ہے جبکہ امپورٹ اس سے کہیں زیادہ ہے، وزیراعظم نے کامرس منسٹری کو ٹارگٹ دیا ہے کہ ایکسپورٹس کو تین سال میں ساٹھ ارب ڈالرز پر لے کر جانا ہے۔

رانا تنویر حسین نے کہا کہ اس وقت ہمارا ایجنڈا معیشت کو دوبارہ پاؤں پر کھڑا کرنا ہے، 2017 میں جب نواز شریف وزیر اعظم تھے تو پاکستان دنیا کی 24 ویں معیشت تھا، پھر ہماری معیشت 40 نمبر پر چلی گئی، اس وقت بجلی کے ریٹ بہت زیادہ ہیں، ہماری کوشش ہے اس پر کام کریں۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ سبسڈی سو فیصد صحیح لوگوں کو نہیں مل رہی، وزیراعظم کی ترجیح زراعت ہے، لوگوں کو ٹریکٹرز دے رہے ہیں۔

رانا تنویر حسین نے کہا کہ سب نے دیکھا کہ کس طرح سازش کی گئی، بانی پی ٹی آئی کہتے تھے کہ مجھے نکالا تو میں اور زیادہ خطرناک ہو جاؤں گا، چیزیں جب سامنے آئیں گی تو کردار بھی سامنے آجائیں گے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نمائش کے کنوینئر عبدالرحیم چغتائی نے بتایا کہ نمائش میں 300 سے زائد کمپنیاں شریک ہیں، انہوں نے نمائش کنندگان جس بھی شکریہ ادا کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں