دبئی ڈیزائن ویک کا آغاز، 50 سے زائد ممالک کے ڈیزائنرز کی شرکت
دبئی: (سید مدثر خوشنود) متحدہ عرب امارات میں 12ویں دبئی ڈیزائن ویک کا آغاز ہوگیا، جس میں 50 سے زائد ممالک کے ڈیزائنرز، آرکیٹیکٹس اور تخلیقی شعبوں سے وابستہ افراد 40 سے زائد منصوبوں اور سرگرمیوں کے ذریعے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔
دبئی ڈیزائن ڈسٹرکٹ میں منعقد ہونے والی یہ تقریب 8 نومبر تک جاری رہے گی، دبئی کلچر اینڈ آرٹس اتھارٹی کی چیئرپرسن شیخہ لطیفہ بنت محمد بن راشد المکتوم کی سرپرستی میں ہونے والے ایونٹ میں نمائشیں، آرٹ تنصیبات، انٹرایکٹو تجربات، مذاکرے اور تربیتی ورکشاپس شامل ہیں۔
اسی موقع پر ڈاؤن ٹاؤن ڈیزائن نمائش کا بھی آغاز ہوگیا، جس میں 35 سے زائد ممالک کے 300 سے زیادہ برانڈز اور ڈیزائنرز شریک ہیں، نمائش میں عالمی ڈیزائن ہاؤسز کی نئی کلیکشنز کے ساتھ علاقائی اور ابھرتے ہوئے ڈیزائنرز کے تخلیقی کام بھی پیش کیے جا رہے ہیں۔
دبئی ڈیزائن ڈسٹرکٹ کی سینئر نائب صدر خدیجہ البستکی نے کہا کہ ڈیزائن لوگوں کے طرز زندگی اور اردگرد کے ماحول سے ان کے تعلق کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرتا ہے، ان کے مطابق دبئی کو عالمی ڈیزائن مرکز بنانے اور تخلیقی شعبے کو فروغ دینے کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
دبئی کلچر کے آرٹس، ڈیزائن اینڈ لٹریچر سیکٹر کی چیف ایگزیکٹو شیماء راشد السویدی کا کہنا تھا کہ ڈیزائن تخلیقی معیشت کا اہم حصہ ہے، جو نئے خیالات اور مہارتوں کو کاروباری مواقع سے جوڑتا ہے۔
اس سال نمائش میں متحدہ عرب امارات سے تعلق رکھنے والے 30 تخلیق کاروں کے کام بھی پیش کیے جا رہے ہیں، جن کا مرکزی موضوع ’’وراثتی مستقبل‘‘ رکھا گیا ہے، اس حصے میں روایتی علم، مقامی مواد اور ثقافتی روایات کو جدید فرنیچر، روشنیوں، ٹیکسٹائل اور دیگر اشیا کے ذریعے نئے انداز میں پیش کیا گیا ہے۔
دبئی ڈیزائن ڈسٹرکٹ میں 25 سے زائد آرٹ تنصیبات بھی قائم کی گئی ہیں، جن میں پائیدار ترقی، ثقافتی شناخت، مواد کے دوبارہ استعمال اور عوامی مقامات کی بہتری جیسے موضوعات اجاگر کیے گئے ہیں۔
منتظمین کا کہنا ہے کہ ڈیزائن ویک کے دوران 50 سے زائد ورکشاپس اور تخلیقی نشستیں بھی ہوں گی، جن میں سیرامکس، فوٹوگرافی، ٹیکسٹائل، ٹائپوگرافی اور پروڈکٹ ڈیزائن کے شعبے شامل ہیں۔
تقریب کا اختتام 7 اور 8 نومبر کو دبئی ڈیزائن ویک مارکیٹ پلیس سے ہوگا، جہاں 80 سے زائد آزاد تخلیق کار اور کاروباری ادارے اپنی مصنوعات پیش کریں گے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments