یوم سیاہ کے موقع پر دنیا بھر میں کشمیریوں کے حق میں احتجاجی مظاہرے
لندن: (دنیا نیوز) یوم سیاہ کے موقع پر دنیا بھر میں نہتے کشمیریوں کے حق میں آواز اٹھائی گئی، لندن، واشنگٹن اور سلہٹ میں کشمیریوں کے حق میں مظاہرے کئے گئے، مظاہرین نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔
مقبوضہ کشمیر پر بھارت کا غاصبانہ قبضہ دنیا نے مسترد کردیا، یوم سیاہ کے موقع پر کئی ممالک کے شہروں میں کشمیریوں کے حق میں مظاہروں کے دوران بھارتی بربریت کے خلاف نعرے بازی کی گئی۔
واشنگٹن میں بھارتی سفارتخانے کے سامنے کشمیریوں کا احتجاج، شرکا نے کشمیریوں کے استحصال کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ واشنگٹن میں قائم پاکستانی سفارتخانے میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے حوالے سےتقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں کشمیری اور پاکستانی کمیونٹی نے بھر پور شرکت کی۔ غلام نبی فائی اور دیگر کشمیری رہنماؤں نے خطاب کیا۔ مشیر قومی سلامتی معید یوسف اور پاکستانی سفیر اسد مجید نے صدر اور وزیراعظم پاکستان کے کشمیریوں کے حق میں پیغامات سنائے۔ کشمیریوں کیلئے حق رائے دہی کا مطالبہ دہرایا اور پاکستان کی مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی،تقریب میں امریکا کی سرکردہ شخصیات نے بھی شرکت کی۔
مقبوضہ کشمیر میں مظالم بند کرو کے نعروں کی گونج میں لندن میں بھی بھارت کے خلاف مظاہرے کئے گئے، مظاہرین نے بھارت کے خلاف اور کشمیریوں کے حق میں نعرے لگائے۔
ادھر بنگلہ دیش کے شہر سلہٹ میں کشمیریوں کے حق میں آواز اٹھائی گئی، بڑی ریلی نکالی گئی جس میں بھارتی مظالم اور کشمیریوں کے حق میں نعرے بھی لگائے گئے۔