ذخیرہ اندوزوں کیخلاف کارروائی، وزیر اعظم نے انتظامیہ کو فری ہینڈ دیدیا

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف کارروائی کیلئے انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو فری ہینڈ دے دیا۔

وزیراعظم کے زیر صدارت رمضان المبارک کے دوران بنیادی اشیائے خور و نوش کی دستیابی اور ان کی قیمتوں میں استحکام یقینی بنانے کے حوالے سے اجلاس ہوا، اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف نے ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی ہدایت کر دی۔

یہ بھی پڑھیں: کوئی غلط فہمی میں نہ رہے، ملک کا دفاع کرنا جانتے ہیں: وزیراعظم شہباز شریف

شہباز شریف نے وفاق اور صوبوں میں ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو فری ہینڈ دیتے ہوئے کہا کہ منافع خوری، ذخیرہ اندوزی اور زائد نرخ لینے والوں کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ رمضان المبارک سے قبل گوداموں، دکانوں اور منڈیوں میں آپریشن کلین اپ کریں، سیلاب، معاشی مشکلات میں پھنسے عوام سے رمضان میں جوزائد قیمت لے اس سے آہنی ہاتھوں سے نمٹیں، وزیراعظم نے وفاقی حکومت کو وزراء اعلیٰ کے ساتھ مل کر رمضان میں اشیاء کی فراوانی اور قیمتوں پر کنٹرول کا ٹاسک دے دیا۔

یہ بھی پڑھیں: نوجوان ملک کا مستقبل، نظر انداز نہیں کر سکتے: وزیراعظم

شہباز شریف نے کہا کہ عبادتوں کے مہینے میں جو روزے داروں کو تنگ کرے، اسے قانون کی طاقت سے سبق سکھائیں، اشیا کی طلب، رسد اور قیمتوں میں گڑ بڑ ہوئی تو متعلقہ علاقوں کے افسروں کے خلاف کارروائی ہو گی۔

وزیر اعظم نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خوراک کی کمی نہیں تو پھر مرغی کی قیمت میں اضافہ کیوں، جو عوام کو تنگ کرے ، قانون اسے گرفت میں لے، کوئی نرمی نہ برتی جائے، عوام پر مہنگائی کا بوجھ بڑھانے والے منافع خوروں کو پکڑیں اور قانون کا سبق پڑھائیں۔

اجلاس میں وزیر اعظم کو بریفنگ دی گئی کہ ملک میں گندم سمیت اشیائے خور و نوش کی کہیں بھی کوئی قلت نہیں، ملک بھر میں یوٹیلیٹی سٹورز پر معیاری اشیا کی فراہمی یقینی ہونی چاہیے، ماہ مقدس میں موبائل یوٹیلیٹی سٹورز قائم کریں، سحر اور افطار میں روزہ داروں کی دعائیں لیں۔

یہ بھی پڑھیں: آئی ایم ایف پروگرام کے بعد مزید مشکلات آئیں گی: وزیر اعظم شہباز شریف کا اعتراف

وزیراعظم نے وفاق اور صوبوں میں سستے رمضان باز ار لگانے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ رمضان بازار میں قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لئے جدید ٹیکنالوجی استعمال کی جائے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں