عدالت کے نااہلی بارے فیصلے کے بعد سارے ڈیکلریشن کالعدم ہوگئے: اٹارنی جنرل
اسلام آباد: (دنیا نیوز) اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عدالت کے نااہلی بارے فیصلے کے بعد 184(3) اور 199 کے تحت سارے ڈیکلریشن ختم ہو چکے ہیں۔
اٹارنی جنرل نے کہا کہ تمام ہائیکورٹس اور سپریم کورٹ نے آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت جتنے بھی ڈیکلریشن دیئے سب ختم ہوگئے، اس فیصلے کے بعد 62 ون ایف کے تحت کاغذات نامزدگی پر اب کوئی اعتراض نہیں اٹھایا جاسکتا، ہائی کورٹس اور دیگر کورٹس ڈیکلریشن نہیں دے سکتیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ابھی قانون نے بتایا نہیں کہ کون سی کورٹ ڈیکلریشن دے سکتی ہے، پانچ سالہ نااہلی کے معاملے کو ابھی سپریم کورٹ نے نہیں چھیڑا، جب اس پر واضح قانون، متعلقہ فورم اور پروسیجر آجائے گا تو پھر کورٹ دیکھے گی کہ یہ پانچ سالہ نااہلی بھی مناسب ہے یا نہیں۔
اٹارنی جنرل نے کہا کہ اس فیصلے کے بعد پانچ سالہ نااہلی کے قانون پر عمل نہیں ہوسکے گا، کیونکہ تمام ڈیکلریشن اب کالعدم ہوچکے ہیں۔