خیبرپختونخوا کے بجٹ کا کل تخمینہ تقریباً 1600 ارب روپے ہونے کا امکان

پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا کے مالی سال 25-2024 کے بجٹ کا کل تخمینہ تقریبا 1600 ارب روپے ہونے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق خیبر پختونخوا کا آئندہ مالی سال کا بجٹ سرپلس ہوگا۔

صوبائی وزیر خزانہ آفتاب عالم کا کہنا ہے کہ بجٹ میں عوام کو ریلیف دینے کیلئے اقدامات اٹھائے گئے ہیں، عوام کو سب سے بڑا ریلیف صحت کارڈ اور ویلفیئر کی مد میں دیا جائے گا، آئندہ مالی سال کے بجٹ میں عوامی ریلیف کے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ درپیش مالی مسائل کے باعث صوبے میں نئے ٹیکس بھی نافذ ہونگے، صحت کارڈ کی مد میں بہت بڑا ریلیف دیا جائے گا، حکومتی ریونیو میں خاطر خواہ اضافہ کرنا وزیراعلیٰ کا وژن ہے، صوبے میں سرمایہ کاروں کو لانا ہے۔

آفتاب عالم کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا معدنیات سے مالا مال ہے، صوبہ میں موجود معدنیات کو دریافت کرنا ہے۔

بجٹ منظوری کیلئے صوبائی کابینہ کا اجلاس کل طلب
دوسری جانب بجٹ منظوری کیلئے صوبائی کابینہ کا اجلاس (24 مئی) کل صبح 11 بجے طلب کر لیا گیا۔

بجٹ پیش کرنے کیلئے صوبائی اسمبلی اجلاس بھی کل دوپہر 3 بجے ہوگا، اسمبلی اجلاس کیلئے گورنر خیبرپختونخوا کو سمری ارسال کی گئی تھی، گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے بھی سمری پر دستخط کر دیئے۔

واضح رہے کہ نگران حکومت نے پہلے بجٹ میں 462 ارب روپے جبکہ دوسرے بجٹ میں 529 ارب روپے کی منظوری دی تھی، نگران حکومت نے دو بجٹ چار چار ماہ کیلئے منظور کئے تھے۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں