عدت نکاح کیس: عمران خان کو ریلیف ملے گا یا نہیں؟، فیصلہ آج ہو گا

اسلام آباد: (دنیا نیوز) عدت نکاح کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کو ریلیف ملے گا یا نہیں؟، عدالت محفوظ کیا گیا فیصلہ آج سنائے گی۔

تفصیلات کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کیخلاف عدت نکاح کیس میں سزا معطلی کی درخواستوں پر عدالت نے چند روز قبل فیصلہ محفوظ کیا تھا، سابق وزیر اعظم عمران خان کو کیس میں ریلیف ملے گا یا نہیں؟، محفوظ فیصلہ آج 3 بجے سنایا جائے گا۔

ڈسٹرکٹ سیشن جج افضل مجوکا عدت میں نکاح کیس میں سزا کے خلاف اپیلوں پر فیصلہ سنائیں گے، سابق وزیر اعظم عمران خان اس وقت صرف عدت میں نکاح کیس میں سزا کے باعث اڈیالہ جیل میں قید ہیں، بانی پی ٹی آئی توشہ خانہ اور سائفر مقدمات میں پہلے ہی بری ہو چکے ہیں جبکہ 190 ملین پاؤنڈ کیس، لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد میں درج 9 مئی کے مقدمات میں بھی ضمانت پر ہیں۔

ایف آئی اے ریاست مخالف ویڈیو ٹوئٹ کرنے پر بانی پی ٹی آئی سے دو بار اڈیالہ جیل میں تفتیش کر چکی ہے اس کیس میں بانی پی ٹی آئی کیخلاف تاحال کوئی نیا مقدمہ درج نہیں کیا گیا، فی الوقت بانی پی ٹی آئی کیخلاف کوئی اور نیا کیس بھی دائر نہیں ہوا، عدت میں نکاح کیس میں فیصلہ حق میں آنے کی صورت عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی رہائی کے امکانات ہیں۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں