بھارت میں دو کلاس فیلوز بری اور بحری افواج کے سربراہ بن گئے

نئی دہلی: (دنیا نیوز) بھارت میں ایک ہی سکول کے دو کلاس فیلوز بری اور بحری افواج کے سربراہ بن گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق بھارت میں ایسا اتفاق ہوا جس نے سب کو حیرت میں مبتلا کر دیا، بھارتی عسکری تاریخ میں پہلی مرتبہ ہم جماعتوں نے بری اور بحری افواج کی کمان سنبھال لی ہے، بری فوج کے نئے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل اوپندر دویدی اور بحری فوج کے سربراہ ایڈمرل دنیش ترپاٹھی نے مدھیہ پردیش کے سینک سکول ریوا سے تعلیم حاصل کی اور دونوں 5 ویں کلاس سے ایک دوسرے کو جانتے ہیں۔

بھارتی میڈیا کا کہنا کہ دونوں اعلیٰ افسران کے سکول میں رول نمبرز بھی ساتھ ساتھ تھے، لیفٹیننٹ جنرل دویدی کا رول نمبر 931 اور ایڈمرل ترپاٹھی کا 938 تھا، مختلف افواج میں خدمات انجام دینے کے باوجود دونوں ایک دوسرے کیساتھ رابطے میں رہے۔

دونوں کلاس فیلوز کی تقرری دو ماہ کے وقفے سے ہوئی، ایڈمرل دنیش ترپاٹھی نے یکم مئی کو بھارتی بحریہ کی کمان سنبھالی جبکہ لیفٹیننٹ جنرل دویدی نے حال ہی میں آرمی چیف کا عہدہ سنبھالا ہے۔

یکم جولائی 1964ء کو پیدا ہونے والے لیفٹیننٹ جنرل اوپندر دویدی نے 15 دسمبر 1984ء کو بھارتی آرمی کی جموں و کشمیر رائفلز میں کمیشن حاصل کیا اور وہ نادرن آرمی کمانڈر کے عہدے پر طویل عرصے تک رہے جہاں انہوں نے فوج کی سٹریٹجک رہنمائی اور آپریشنل نگرانی کی۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں