آئی ٹی صنعت کو سازگارماحول کی فراہمی کیلئے پُر عزم ہیں: محمد اورنگزیب

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت انفارمیشن ٹیکنالوجی کی صنعت کیلئے سازگار ماحول کی فراہمی کیلئے پُرعزم ہے۔

پاکستان آئی ٹی انڈسٹری ایسوسی ایشن کی ایگزیکٹو کمیٹی کے ارکان نے وفاقی وزیر خزانہ سے ملاقات کی، وفد کی قیادت ایسوسی ایشن کے چیئرمین محمد ذوہیب خان کر رہے تھے۔

ملاقات کے دوران ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین نے ایسوسی ایشن کے جاری اقدامات اور ملک میں آئی ٹی صنعت کے فروغ کیلئے حکومت کی جانب سے تعاون کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

ملاقات میں آئی ٹی کی صنعت میں چیلنجوں، امکانات، مواقع اور اس شعبہ سے متعلق مسائل کے حل کیلئے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ایسوسی ایشن کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملک کی اقتصادی نمو اور اختراع میں آئی ٹی کی صنعت استعداد سے بھرپور ہے، حکومت آئی ٹی کی صنعت کیلئے سازگار ماحول کی فراہمی میں پرعزم ہے اور اس حوالہ سے تمام اقدامات کو یقینی بنایا جائیگا۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں