اعتراضات کے باوجود جمہوریت آمریت سے بہتر ہے : خواجہ آصف

اسلام آباد : (دنیانیوز) وزیردفاع خواجہ آصف کاکہنا ہے کہ اعتراضات کے باوجود جمہوریت آمریت سے بہتر ہے۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا کہ آئین پارلیمنٹ کو جو طاقت دیتا ہے وہ کسی دوسرے ادارے کے پاس نہیں، تاریخ دیکھ لیں کوئی بھی اسمبلی قانونی اور آئینی طریقے سے رخصت نہیں ہوئی، 2008کے بعد جب الیکشن ہوئے ان پر پارٹیوں کو اعتراضات تھے ، 2018 میں ہمیں اعتراض تھے ہم جواب دیتے تھے، اختلافات اپنی جگہ صحیح ہوں یا غلط ہوں۔

انہوں نے کہا کہ اعتراض الگ چیز،سسٹم پرسوالیہ نشان نہ لگائیں، سپورٹ نہیں کرسکتے تو نفی بھی نہ کی جائے، اداروں پرحملہ نہیں ہوناچاہیے، آئینی حدود سے تجاوز ہوگا تو پھرجمہوریت کمزور ہوگی۔

خواجہ آصف نے مزید کہا کہ ایوان کو کمزور کرنے کی بجائے مضبوط کرنے کی ضرورت ہے ، پارلیمنٹ قانون بناتی ہے،دوسرے ادارے تشریح کرتے ہیں۔

فلسطین کے حوالےسے بات کرتے ہوئے وزیردفاع نے کہا کہ غزہ میں اسرائیلی بربریت کا سلسلہ جاری ہے، غزہ میں صرف 8سے10 ماہ میں 40ہزار لوگ شہید ہوئے، پاکستان فلسطین کےحوالےسےاپنےاصولی مؤقف پرقائم ہے۔

 دوسری جانب قومی اسمبلی میں  الیکشن ایکٹ ترمیمی بل 2024 کثرت رائے سے منظور کر لیا گیا جس کی اپوزیشن کی جانب سے بھرپور مخالفت کی گئی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں