فیض حمید سے تحقیقات: مزید 3 ریٹائرڈ فوجی آفیسرز کو تحویل میں لے لیا، آئی ایس پی آر

اسلام آباد:(دنیا نیوز) سابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید کی گرفتاری کے بعد3ریٹائرڈ فوجی آفیسرز کو تحویل میں لے لیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق تینوں ریٹائرڈ آفیسرز ملٹری ڈسپلن کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے، تینوں ریٹائرڈ آفیسرز کے خلاف کورٹ مارشل کی کارروائی کیلئے تحقیقات کی جائیں گی۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ 3ریٹائرڈ افسران فوجی نظم وضبط کی خلاف ورزی میں ملوث پائے گئے، یہ افسران مخصوص سیاسی مفادات کی ایما پر ملی بھگت سے عدم استحکام کو ہوا دے رہے تھے، اس بارے میں تحقیقات جاری ہیں۔

ترجمان پاک فوج نے  کہا کہ تحویل  میں لیے گئے افسروں میں بریگیڈیئر (ر) غفار ، بریگیڈیئر(ر) نعیم اور کرنل(ر) عاصم شامل ہیں، دونوں بریگیڈیئرز کا تعلق پنجاب کے ضلع چکوال سے ہے، دونوں بریگیڈیئرز، لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید کے ساتھ رابطے میں تھے اور ایک سیاسی جماعت کیلئے پیغام رسانی کا کام کرتے تھے۔

ترجمان پاک فوج کا مزید کہنا تھا کہ تینوں افسروں کو کورٹ مارشل کی کارروائی کے سلسلے میں تحویل میں لیا گیا جبکہ ان ریٹائرڈ افسروں اور ان کے ساتھیوں سے بھی تحقیقات کی جارہی ہے ۔

واضح رہے چند روز قبل سابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید کو بھی  فوجی نظم وضبط کی خلاف ورزی پر تحویل میں لیا گیا، ان کے خلاف فیلڈ کورٹ مارشل کی کارروائی جاری ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں