حکومت کی تمام ترامیم صرف فرد واحد کیلئے ہوتی ہیں: رؤف حسن

اسلام آباد :(دنیا نیوز) ترجمان پاکستان تحریک انصاف رؤف حسن نے کہا ہے کہ حکومت کی تمام ترامیم صرف فرد واحد کیلئے ہوتی ہیں۔

پروگرام’ ٹو نائٹ ود ثمر عباس‘ میں گفتگو کرتے ہوئے رؤف حسن کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد فائدہ جس کو بھی ہو ایک دو دن تک معلوم ہو جائے گا۔

قومی اسمبلی میں آئینی ترمیم کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے رؤف حسن نے کہا کہ ہمیں یقین ہے ہما را کوئی بھی پارٹی ممبر چھوڑ کر نہیں جائے گا،جو بھی فیصلہ آئے گا ہم قبول کریں گے مگر لڑیں گے نہیں، ہمیں اپنے اراکین سے متعلق کوئی خوف نہیں ہماری پلاننگ پوری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ الیکشن کمیشن کے رویے پر ہمارے مؤقف کی تائید ہے، موجودہ حکومت کی تمام اصلاحات یا ترامیم صرف فرد واحد کیلئے ہو تی ہیں، حکومت کو ڈر ہے کہ اگر فائز عیسیٰ چلے گئے تو آزاد فیصلے آنے لگیں گے۔

ترجمان تحریک انصاف نے کہا کہ مذاکرات کا ماحول بنے گا تو ہم بھی پیچھے ہٹیں گے، بانی پی ٹی آئی کہ وہ بیان گنیں جس میں انہوں نے مذاکرات کی بات کی، میں پارٹی میں ان لوگوں میں سے ہوں جو ہمیشہ مذاکرات کی بات کرتے ہیں ، پی ٹی آئی اور اسٹیبلشمنٹ کے درمیان فوری مذاکرات ہونے چاہیے، مذاکرات کا ماحول پیدا ہو رہا ہے اور جلد بریک تھرو ہو جائے گا۔

رؤف حسن کا مزید کہنا تھا کہ ہم کہتے ہیں کہ مینڈیٹ کو بحال کریں، آئینی ترمیم سے متعلق حکومت نے ہمیں اعتماد میں نہیں لیا، آئینی ترمیم لانے کا یہ وقت ہی نہیں ہے، مجھے پوری امید ہے کہ مولانا اپنے مؤقف پر قائم رہیں گے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں