سپین کے سابق عالمی نمبر ون ٹینس سٹار رافیل نڈال کا ریٹائرمنٹ کا اعلان

میڈرڈ: (ویب ڈیسک) سپین کے سابق عالمی نمبر ایک ٹینس سٹار اور 22 گرینڈ سلیم جیتنے والے رافیل نڈال نے اگلے ماہ شیڈول ڈیوس کپ کے بعد ٹینس سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق 38 سالہ رافیل نڈال نے سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو بیان میں اپنے گزشتہ اعلان کا اعادہ کیا کہ اگلے ماہ ہونے والے ڈیوس کپ کے ساتھ اپنے ٹینس کیریئر کا اختتام کروں گا۔

رافیل نڈال نے ٹینس کے مداحوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں پروفیشنل ٹینس سے ریٹائر ہو رہا ہوں، درحقیقت گزشتہ دو برس مشکل تھے اور میرا نہیں خیال کہ میں کھل کر کھیل پاؤں گا، یہ فیصلہ مشکل ہے جس کے لئے مجھے بہت وقت لگا لیکن زندگی میں ہر چیز کا آغاز اور اختتام ہوتا ہے۔

واضح رہے کہ کنگ آف کلے کے نام سے مشہور نڈال نے اپنے 23 سالہ کیرئیر کے دوران ریکارڈ 14 مرتبہ فرنچ اوپن جیتا، اس کے علاوہ 4 بار یو ایس اوپن، دو مرتبہ آسٹریلین اوپن اور ویمبلڈن چیمپئن بھی دو مرتبہ رہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں