خیبرپختوا کو پرامن اور خوشحال صوبہ بنائیں گے: فیصل کریم کنڈی
پشاور: (دنیا نیوز) گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہاہے کہ ہم سب نے مل کر صوبہ کے امن کو بحال کرنا اور صوبہ کو اندھیروں سے نکالناہے۔
گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اندرونی معاملات کو ہم نے آپس میں ہی نمٹانا ہے، آئین و قانون کو ماننے والوں سے مذاکرات ہوں گے، صدر آصف علی زداری نے بھی ہمیشہ ری کنسلیشن، امن اور ڈائیلاگ کی بات کی ہے، خیبرپختونخوا کو ایک پرامن اور خوشحال صوبہ بنائیں گے۔
گورنرنے کہاکہ ہمارا صوبہ گھمبیر حالات سے گزر رہا ہے، صوبہ میں دہشت گردی کے واقعات رونما ہو رہے ہیں، میں نے ہمیشہ امن کی بات کی ہے، وفاقی اورصوبائی حکومت صوبے کے حالات کو سنجیدہ لیں۔
فیصل کریم کنڈی نے وزیراعلی ہاؤس میں سیاسی جرگہ سے متعلق کہا کہ صوبہ کے وسیع تر مفاد میں سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر جرگہ میں شرکت کی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ سیاسی رہنماؤں نے سفارشفات پیش کیں اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی سربراہی میں کمیٹی قائم کی جس میں تمام پارٹیوں کے پارلیمانی لیڈرز نمائندے ہوں گے اور وہ ضلع خیبرمیں بیٹھے جرگہ اراکین سے بات کریں اور ان کے مطالبات کو وفاقی حکومت کے سامنے رکھیں گے۔
گورنر کے پی نے کہاکہ وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہونے والے سیاسی جرگہ میں وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بھی بڑی لچک دکھائی اورجو سفارشات ان کے سامنے رکھی گئیں انہوں نے تسلیم کیں اور کہاکہ آئین وقانون کے دائرہ میں رہ کر قائم کردہ کمیٹی کی جانب مزید جو بھی سفارشات آئیں گی وہ وفاقی حکومت کے سامنے رکھیں گے۔