حقیقی عمر معلوم کرنے کیلئے انسٹاگرام میں اے آئی ٹول کا استعمال

کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) میٹا نے صارفین کی حقیقی عمر معلوم کرنے کیلئے اپنا آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ’ایڈلٹ کلاسیفائر‘ ٹول انسٹاگرام میں استعمال کرنا شروع کر دیا۔

میٹا نے ( adult classifier) نامی اے آئی ٹول کو ابتدائی طور پر جون 2022 میں متعارف کرایا تھا اور اس کا پہلا استعمال فیس بک پر کیا گیا تھا۔

مذکورہ ٹول مختلف ذرائع سے معلومات حاصل کر کے پتہ لگاتا ہے کہ اکاؤنٹ ہولڈر نے اپنی عمر درست لکھی ہے یا ویب سائٹ کمپنی کو دھوکا دینے کیلئے غلط معلومات کا استعمال کیا گیا ہے۔

اب اسی ٹول کو کمپنی نے انسٹاگرام پر استعمال کرنا شروع کر دیا اور کمپنی نے اس حوالے سے مزید معلومات فراہم کر دیں۔

انسٹاگرام پر 18 سال سے کم عمر افراد کو بہت سارے مواد اور فیچرز تک رسائی نہیں ہوتی جبکہ 13 سال تک کے صارفین کیلئے بھی الگ اور محدود فیچرز دستیاب ہوتے ہیں، زیادہ تر افراد غلط عمر اور تاریخ پیدائش بتا کر خود کو 18 سال سے زائد العمر قرار دیتے ہیں تاکہ انسٹاگرام پر زیادہ مواد اور فیچرز تک رسائی حاصل کی جائے۔

ایسے اکاؤنٹس مالکان خود کو 18 سال سے زائد العمر ظاہر کر کے نامناسب اور خطرناک مواد تک بھی رسائی حاصل کرتے ہیں، اس لئے اب کمپنی نے مذکورہ اے آئی ٹول استعمال کر کے حقیقی عمر کا پتہ لگانا شروع کر دیا۔

فیچر کے تحت جس صارف کی عمر 18 سال سے کم ہوگی، ازخود اس کے اکاؤنٹ کو نابالغ اکاؤنٹ کی لسٹ میں شامل کر دیا جائے گا اور اس کی زیادہ مواد تک رسائی کو ختم کر دیا جائے گا، اسی طرح ٹول 13 سال کی عمر کے صارفین کو بھی الگ کیٹیگری میں شامل کر کے ان کی بھی زیادہ خطرناک مواد اور فیچرز تک رسائی کو محدود کرے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں