عوامی مشاورت سے مری میں منصوبے شروع کیے جائیں: شاہد خاقان

مری :(دنیا نیوز) سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ عوام سے مشاورت کے ساتھ مری میں منصوبے شروع کیے جائیں۔

ملکہ کوہسار میں عوامی جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ عوام کے حقوق کے لیے سب سیاسی جماعتیں ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوں، حکومت سیاحت کے فروغ کے لیے کوئی اقدامات کرنا چاہتی ہے تو پہلے سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے۔

انہوں نے کہا کہ حق کی بات کرنے اورجو ظلم ہو رہا اس کی بات کرنے آئے ہیں، ہم کسی سے جھگڑا نہیں چاہتے میری گزارش ہے کہ ہم بہت اچھے ہیں لیکن ہم پر ظلم مت کریں ہمارا امتحان نہ لیں۔

شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا حکومت کو عوام سے مشاورت کے بعد مری میں منصوبے شروع کرنے چاہئیں، کسی ڈویلپمنٹ کے خلاف نہیں لیکن با مقصد ہونی چاہیے، انتظامیہ کے پاس فیصلے کا اختیار نہیں ہے، قانون سب کے لیے ایک ہونا چاہیے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ مری میں ٹیکس لاگو ہو رہا ہے جس کا کوئی مقصد نہیں ،مری کی تاریخ میں پہلی بار دفعہ 144 نافذ ہوا ہے، میاں نواز شریف روزگار فراہم کرتے تھے، میاں نواز شریف اس طرح کا فیصلہ نہیں کر سکتے، اس علاقے کی انتظامیہ عزت کرتی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ پولیس کو حق نہیں کسی کی چار دیواری پامال کرے، ناکام حکومت دفعہ 144 نافذ کرتی ہے، افسر یہاں پر حکمرانی نہ کریں خدمت کریں، ہم سے جھگڑا نہ کریں۔

شاہد خاقان عباسی نے مزید کہا کہ مری کی عوام با شعور ہے، عوام کی طاقت کے آگے کوئی نہیں ٹھہر سکتے، با اختیار انتظامیہ سے مذاکرات کرنے کو تیار ہیں، اس علاقے کے لوگوں کے مسائل حل کرنا ہوں گے، عوام سے مشاورت کے ساتھ ہر کام قبول ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں