امید ہے نیا سال امن، خوشیاں، کامیابیاں اور ترقی کی نئی راہیں دکھائے گا: سرفراز بگٹی
کوئٹہ: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا کہ امید ہے کہ نیا سال امن، خوشیاں، کامیابیاں اور ترقی کی نئی راہیں دکھائے گا۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے سال نو پر اپنے پیغام میں 2025ء کے لئے دعاؤں اور نیک خواہشات کا اظہار کیا، سرفراز بگٹی نے کہا کہ سب مل کر بلوچستان کو خوشحال، محفوظ اور ترقی یافتہ صوبہ بنانے کے عزم کے ساتھ نئے سال میں قدم رکھیں۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ ہم نے 2024ء کے دوران بے شمار چیلنجز کا سامنا کیا، چیلنجز کے باوجود بلوچستان کی ترقی اور امن کے لئے ہماری کوششیں جاری رہیں، 2025ء میں بلوچستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے تمام وسائل اور توانائی بروئے کار لائیں گے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے مزید کہا کہ ہمیں اپنی قوم کی یکجہتی، محنت اور قربانیوں پر فخر ہے، دعا ہے کہ نیا سال پاکستان اور بلوچستان کے عوام کو خوشیاں، سکون اور ترقی کی منزلیں دے، 2025ء وطن عزیز سے دہشت گردی کی عفریت کے خاتمے کا سال ثابت ہو۔