سٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن کا 90 فیصد کام مکمل، کرسیوں کی تنصیب شروع
لاہور: (دنیا نیوز) چیمپئنز ٹرافی کی تیاریوں کے حوالے سے لاہور کے قذافی اور کراچی کے نیشنل بینک سٹیڈیم کی اپ گریڈیشن کا 90 فیصد کام مکمل ہو گیا اب کرسیوں کی تنصیب شروع کر دی گئی ہے۔
پاکستان فروری، مارچ میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کرے گا اس سے قبل کراچی، لاہور اور راولپنڈی کے میزبان وینیوز کی تزئین و آرائش جاری ہے۔
قذافی سٹیڈیم لاہور کی اپ گریڈیشن کا 90 فیصد کام مکمل ہو گیا، تماشائیوں کے بیٹھنے کیلئے عمران خان، فضل محمود، جاوید میانداد، کاردار، ظہیر عباس، سرفراز نواز اور راجہ انکلوژرز میں سلیبز رکھ دی گئی ہیں اب ان پر کرسیوں کی تنصیب کا کام بھی شروع کر دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق 37 ہزار سے زیادہ فولڈنگ کرسیاں منگوائی گئی ہیں، سبز اور سفید رنگ کی زیادہ کرسیاں لگائی جائیں گی تاکہ ایریل ویو میں قومی پرچم کا رنگ نمایاں ہو، اس کے ساتھ سرخ، نارنجی اور اورنج کلر کی کرسیاں بھی لگائی جائیں گی، پی سی بی ہیڈ کوارٹر کے دفاتر کی بلڈنگ پر پلستر کا کام مکمل ہونے کے بعد اب فرنٹ پر نقشے کے مطابق مختلف فریمز لگ رہے ہیں، اگلے 15 روز میں شیشے کا کام بھی مکمل ہونے کا قومی امکان ہے۔
پلیئرز بلڈنگ میں تعمیراتی کام مکمل کرنے کے ساتھ بجلی اور ٹائٹلز ورک پر فوکس کیا گیا ہے، فار اینڈ بلڈنگ کی طرز پر پلیئرز بلڈنگ کے سامنے بھی 2 نئے انکلوژرز بنائے جارہے ہیں تاکہ وہاں بھی شائقین بیٹھ کر بہتر ویو کے ساتھ میچز سے لطف اندوز ہوسکیں، بلڈنگز کے ساتھ انکلوژرز میں پینٹ کا کام بھی چل رہا ہے، تماشائیوں کو گراؤنڈ میں داخل ہونے سے روکنے کے لیے خندق تیار ہو چکی ہے، اب اس کے سامنے تین فٹ کی رکاوٹی باڑ لگائی جارہی ہے تاہم اس سے تماشائیوں کے ویو میں کوئی رکاوٹ نہیں آئے گی۔
لاہور میں موسم کی شدت کے باوجود تین شفٹوں میں مزدور کام کررہے ہیں تاکہ جنوری کے آخر تک اپ گریڈیشن کا تمام تر کام مکمل ہوجائے۔
گراؤنڈ سٹاف پچز کو محفوظ کرنے کے ساتھ کھاد ڈال کر گراؤنڈ کی گھاس کو تروتازہ رکھنے کے جتن کررہا ہے، ارد گرد بارش کے پانی کی نکاسی کیلئے کام بھی کافی حد تک مکمل کرلیا گیا ہے، سٹیڈیم کے ٹاورز پر جدید لائٹس لگانے کا کام بھی شروع ہو چکا ہے، گراؤنڈ میں لوہے سے تیار کردہ سکرین کا فریم لگا دیا گیا ہے۔
دوسری جانب نیشنل سٹیڈیم کی جزوی تعمیر نو اور تزئین و آرائش کے لیے اقدامات جاری ہیں، 5 منزلہ عمارت کا انفرا اسٹرکچر تو تیار کرلیا گیا تاہم مختلف فلورز پر فنشنگ کا کام باقی ہے، گراؤنڈ میں جنگلہ ہٹانے کا مرحلہ شروع ہو گیا، گراؤنڈ فلور پر آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ، اینٹی ڈوپنگ اور میچ آفیشلز کے کمرے بنائے جانے ہیں۔
پہلی منزل پر 2 ڈریسنگ رومز کی تعمیر ہو گی، دوسری اور تیسری منزل پر ہاسپٹیلٹی باکسز بنائے جائیں گے، چوتھی منزل پر میڈیا سینٹر کی تعمیر ہونی ہے، پہلے فیز میں ہٹائے جانے والے سکور بورڈ کی جگہ نئے ڈیجیٹل سکور سکرینز کی تنصیب ہو گی، جدید طرز کی ایل ای ڈی لائٹس بھی نصب کی جانی ہیں۔
واضح رہے کہ نیشنل سٹیڈیم کی تزئین و آرائش کے لیے 3 ارب 50 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں، آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ شیڈول کے تحت چیمپئنز ٹرافی میں کراچی 3 میچز کی میزبانی کرے گا۔