مضبوط معیشت مضبوط دفاع کے لیے ضروری ہے: ایئر چیف مارشل

کراچی :(دنیا نیوز) ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا ہے کہ مضبوط معیشت مضبوط دفاع کے لیے ضروری ہے۔

نیول اکیڈمی میں پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے ظہیر احمد بابر سدھو کا کہنا تھا کہ پاکستان کی معیشت اللہ کے فضل سے مضبوط ہو رہی ہے، پاس ہونے والے تمام کیڈٹس کو مبارک باد پیش کرتا ہوں، پریڈ میں بہترین ڈسپلن اعلیٰ تربیت کا مظہر ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نیول اکیڈمی دنیا کے بہترین تربیتی اداروں میں شامل ہے، پاکستان نیوی سمندری حدود کی حفاظت میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔

ایئر چیف مارشل کا کہنا تھا کہ سری لنکا کے مڈ شپ مین بھی آج پاسنگ آؤٹ پریڈ میں شامل ہیں، جدید ٹیکنالوجی کو تربیتی کورسز کا ضروری حصہ بنا دیا گیا ہے۔

ظہیر احمد بابر سدھو نے مزید کہا کہ خطے میں طاقت کے توازن کو برقرار رکھنا ہماری ذمے داری ہے، ہمیں تمام درپیش چیلنجز کا ڈٹ کر مقابلہ کرنا ہے،عالمی برادری مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے کردار ادا کرے اور بھارت پر زور دے کہ وہ کشمیر میں مظالم بند کرے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں